بھر میں تیل اور مائع قدرتی گیس کی تقریباً پانچویں حصے کی ترسیل گزرتی ہے۔
العربیہ کے مطابق مارکیٹ تجزیاتی ادارے ’کے سی ایم ٹریڈ‘ کے چیف تجزیہ کار ٹِم ووٹرر نے ایک ای میل پیغام میں کہا کہ جب تک امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات غیر یقینی صورتحال کا شکار رہیں گے اور آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل محدود رہے گی، اس وقت تک تیل کی قیمتیں 100 ڈالر سے اوپر رہنے کا امکان ہے۔
آبنائے ہرمز کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات کے باعث تیل پیدا کرنے والے ممالک نے اپنی برآمدات کم کرنا شروع کر دی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک سروے کے مطابق اوپک کی تیل پیداوار اپریل میں دو دہائیوں سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب ارامکو کے چیف ایگزیکٹو امین الناصر نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی برآمدات میں رکاوٹیں عالمی منڈی کی معمول پر واپسی کو 2027 تک مؤخر کر سکتی ہیں، جبکہ ہر ہفتے تقریباً 10 کروڑ بیرل تیل کی کمی واقع ہو رہی ہے۔
اسی دوران ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی اسٹریٹجک ذخائر سے 5 کروڑ 33 لاکھ بیرل خام تیل قرض کی بنیاد پر جاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا، تاکہ عالمی تیل منڈی کو مستحکم کیا جا سکے۔
جہازوں کی نقل و حرکت کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی اسٹریٹجک ذخائر سے خام تیل کی ایک کھیپ ترکی روانہ کر دی گئی ہے، جو بحیرہ روم کے کنارے واقع اس ملک کو اس نوعیت کی پہلی ترسیل ہے۔
ادھر امریکی صدر ٹرمپ اور چینی صدر کے درمیان متوقع ملاقات سے چند روز قبل واشنگٹن نے 3 افراد اور 9 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں، جن پر الزام ہے کہ وہ ایرانی تیل کی چین منتقلی میں سہولت فراہم کر رہی تھیں۔