سیاست کی دنیا میں بعض اوقات ایک تصویر وہ کچھ کہہ جاتی ہے جو ہزار الفاظ اور سرکاری بیانات بھی بیان نہیں کر پاتے۔
یہی منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر آف کمیونیکیشنز اسٹیون چیونگ نے آج بدھ کے روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا:
’وزیر روبیو ایئر فورس ون میں نائیکی ٹیک سوٹ ’وینزویلا ایڈیشن‘ میں زبردست لگ رہے ہیں۔‘
اس پوسٹ کے ساتھ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ایک تصویر بھی شیئر کی گئی، جس میں وہ ’نائیکی ٹیک‘ ٹریک سوٹ پہنے ہوئے تھے۔
چند ہی لمحوں میں یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور امریکی میڈیا کی سرخیوں میں جگہ بنانے لگی لیکن اس ہنگامے کی وجہ وزیر کی فیشن سینس نہیں تھی بلکہ اس لباس کی وہ ’سیاسی علامت‘ تھی جس نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
سوشل میڈیا صارفین نے جلد ہی نشاندہی کی کہ روبیو کا پہنا ہوا ٹریک سوٹ بالکل ویسا ہی تھا جیسا سابق وینزویلا صدر مادورو نے 3 جنوری 2026 کو امریکی حکام کی جانب سے گرفتاری کے وقت پہن رکھا تھا۔
اسی بصری مماثلت نے اس تصویر کو محض ایک اتفاقی لمحے سے نکال کر ایک ممکنہ سیاسی پیغام اور طاقت کے اظہار میں تبدیل کردیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی وقت تقریباً امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر وینزویلا کا ایک نقشہ شیئر کیا، جس پر امریکی پرچم نمایاں تھا اور اسے ’امریکہ کی 51 ویں ریاست‘ قرار دیا۔
’روبیو کے سوٹ‘ اور ’ٹرمپ کے نقشے‘ کی اس بیک وقت موجودگی نے سوشل میڈیا پر شدید بحث چھیڑ دی۔
صارفین یہ سوال اٹھانے لگے کہ آیا ٹرمپ اور ان کے وزیر خارجہ چین کے دارالحکومت بیجنگ جاتے ہوئے کوئی خاص سیاسی پیغام دینا چاہتے تھے۔
سوشل میڈیا پر ایک بڑے حلقے نے اس تصویر کو چین کے لیے پیشگی پیغام قرار دیا۔
ان کے مطابق اس کا مفہوم یہ تھا:
’ہم بیجنگ طاقت کی پوزیشن سے مذاکرات کے لیے آرہے ہیں۔
ہم نے مادورو کو گرا دیا، اپنی پچھلی صفیں مضبوط کرلیں اور اب اپنی شرائط منوانے کے لیے تیار ہیں‘۔
دوسری جانب کئی صارفین اور تجزیہ کاروں نے اس تاثر کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے مترادف قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اسپورٹس سوٹ کئی برسوں سے مارکیٹ میں دستیاب ہے، اس لیے اسے اچانک سیاسی اشارہ قرار دینا شاید محض قیاس آرائی ہو۔
بعض کے مطابق یہ صرف سفر کے دوران آرام دہ لباس کا انتخاب، فیشن ٹرینڈ یا محض اتفاق بھی ہوسکتا ہے۔