چکنائی والی مگر حساس جلد بظاہر ایک تضاد معلوم ہوتی ہے۔ بہت سے لوگ اسے طبی مسئلہ قرار دیتے ہیں جبکہ ماہرین اسے غلط معمولات کا نتیجہ بھی سمجھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ایک طرف حساس جلد سے چکنائی خارج ہوتی ہے تو دوسری جانب یہ سخت مصنوعات کے استعمال پر فوراً ردعمل بھی دیتی ہے۔
ماہرینِ امراضِ جلد کے مطابق یہ مسئلہ صرف چکنائی کا نہیں، بلکہ جلد کی حفاظتی تہہ کے کمزور ہونے کا بھی ہے۔
چکنائی اور حساسیت کا سائنسی پس منظر
چکنائی والی حساس جلد مختلف حیاتیاتی خصوصیات رکھتی ہے۔
’سائنٹیفک رپورٹس‘ جریدے میں 2025ء میں شائع ایک تحقیق کے مطابق ایسی جلد میں حفاظتی تہہ کمزور ہونے اور سوزش کے اثرات پائے جاتے ہیں، جس سے جلن اور سرخی جیسی علامات پیدا ہوتی ہیں۔
غلط معمولات کا نقصان
بہت سے افراد چکنائی ختم کرنے کے لیے چہرے کو بار بار دھوتے ہیں یا سخت کلینزر استعمال کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ جلد کو مزید خشک کر دیتا ہے، جس کے ردعمل میں جلد بطور دفاعی میکانزم اور زیادہ چکنائی خارج کرنے لگتی ہے۔ یہ عمل جلد کو ایک دائمی سوزش میں مبتلا کر دیتا ہے۔
حفاظتی تہہ کی اہمیت
جلد کی بالائی تہہ نمی برقرار رکھنے اور بیرونی عوامل سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
2025ء کی ایک تحقیق کے مطابق نیاسینامائیڈ (Niacinamide) اس تہہ کو مضبوط بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ جزو چکنائی کے اخراج کو کنٹرول کرنے اور جلن کو کم کرنے میں بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
نمی کیوں ضروری ہے؟
ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ چکنائی والی جلد کو بھی نمی کی ضرورت ہوتی ہے۔
جیلی نما یا آبی ساخت والی ہلکی موئسچرائزنگ کریمیں مسام بند کیے بغیر جلد کو توازن فراہم کرتی ہیں۔ ہائیلورونک ایسڈ اور سیرامائیڈز جیسے اجزا جلد کی نمی برقرار رکھنے اور کھنچاؤ کو کم کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
بہترین اجزا کا انتخاب
بہترین نتائج کے لیے نیاسینامائیڈ، سیلیسلک ایسڈ اور سیرامائیڈز کا متوازن استعمال ضروری ہے۔
زنک یا ٹائٹینیم ڈائی آکسائیڈ پر مبنی معدنی سن اسکرین حساس جلد کے لیے زیادہ محفوظ ہیں، تاہم بہت زیادہ فعال اجزا (جیسے ریٹینول یا وٹامن سی) کو ایک ساتھ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ جلد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چکنائی والی حساس جلد کی دیکھ بھال کا مقصد چکنائی کو مکمل طور پر ختم کرنا نہیں بلکہ اسے متوازن کرنا ہے۔
سادہ مگر منظم معمولات، غیر ضروری کیمیکلز سے پرہیز اور مناسب نمی سے جلد اپنی قدرتی چمک اور صحت دوبارہ حاصل کر سکتی ہے اور یہی اصل و دیرپا حل ہے۔