مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں حجاج کرام کی سہولت، آرام اور سلامتی کے لیے جدید ترین عالمی ٹیکنالوجی سے لیس کولنگ، روشنی اور نقل و حرکت کے نظام فعال کر دیے گئے ہیں۔
مسجد الحرام میں دنیا کے بڑے کولنگ سسٹمز میں سے ایک کام کر رہا ہے جبکہ دونوں مقدس مساجد میں جدید برقی سیڑھیاں، لفٹس، اسمارٹ لائٹنگ اور مرکزی نگرانی کے نظام حجاج کی بہتر خدمت کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
حرمین شریفین انتظامیہ اپنی آپریشنل اور تکنیکی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے تاکہ جدید ترین عالمی ٹیکنالوجی کے ذریعے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندر اور ان کے صحنوں میں حجاج کرام کے لیے آرام دہ، محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس کا مقصد رواں حج سیزن میں زائرین کی بڑی تعداد کے مطابق اعلیٰ معیار کی عبادتی سہولتیں مہیا کرنا ہے۔
مسجد الحرام میں دنیا کے بڑے کولنگ سسٹمز میں شامل ایک جدید نظام کام کر رہا ہے، جس کی مجموعی کولنگ صلاحیت ایک لاکھ 55 ہزار ٹن تک پہنچتی ہے۔
اس نظام کی صلاحیت الشامیہ اسٹیشن میں ایک لاکھ 20 ہزار ٹن جبکہ اجیاد اسٹیشن میں 35 ہزار ٹن ہے۔
یہ نظام پانی کو 4 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک ٹھنڈا کر کے ایک مربوط نیٹ ورک کے ذریعے ایئر ہینڈلنگ یونٹس تک پہنچاتا ہے، جہاں حرارت کے تبادلے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹھنڈی اور صاف ہوا مسجد الحرام کے تمام حصوں میں پہنچائی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں
اس کے علاوہ ایئر ہینڈلنگ یونٹس کی تجدید اور بہتری، تمام ہیٹ ایکسچینجرز کی تبدیلی اور ہوا صاف کرنے والے فلٹرز کی مسلسل تبدیلی کا عمل بھی جاری رہتا ہے، تاکہ درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان برقرار رکھا جا سکے۔
اس پورے نظام کو 77 حساس درجہ حرارت سینسرز کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
یہ خاص طور پر رش کے اوقات میں انسانی تعداد کے مطابق فوری ردعمل دیتے ہیں۔
اس کے ساتھ 95 فیصد کارکردگی کے حامل جدید ایئر فلٹریشن سسٹمز اور مستقل حفاظتی دیکھ بھال کے پروگرام بھی فعال ہیں۔
مسجد نبویؐ میں بھی دنیا کے بڑے مرکزی کولنگ سسٹمز میں شامل ایک جدید کولنگ اسٹیشن کام کر رہا ہے، جو مسجد نبویؐ سے تقریباً 7 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
اس میں 6 کولنگ یونٹس نصب ہیں، جن میں ہر یونٹ کی صلاحیت 3 ہزار 400 ٹن ہے۔
اس کے ساتھ 7 مرکزی پمپس ٹھنڈا پانی خصوصی پائپ لائنوں کے ذریعے منتقل کرتے ہیں، جس سے مسجد نبویؐ میں متوازن اور مؤثر انداز میں ٹھنڈی ہوا فراہم کی جاتی ہے، جبکہ رمضان اور حج سیزن میں اس کی صلاحیت مزید بڑھا دی جاتی ہے۔
حجاج کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے مسجد الحرام میں 224 برقی سیڑھیاں اور 22 لفٹس موجود ہیں، جو ایک گھنٹے میں 2 لاکھ سے زائد زائرین کو سہولت فراہم کر سکتی ہیں۔
مسجد نبویؐ میں 180 برقی سیڑھیاں اور 25 لفٹس موجود ہیں، جن کی باقاعدہ دیکھ بھال اور مرمت اعلیٰ حفاظتی معیار کے مطابق کی جاتی ہے، جبکہ صیانت کا کام کم رش والے اوقات میں مکمل کیا جاتا ہے۔
روشنی کے نظام میں بھی نمایاں ترقی کی گئی ہے۔
مسجد الحرام میں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد لائٹنگ یونٹس اور 6 ہزار 900 جھاڑ فانوس نصب ہیں، جبکہ مسجد نبویؐ میں ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد جدید ایل ای ڈی روشنیاں موجود ہیں۔
یہ تمام نظام جدید ’بلڈنگ مینجمنٹ سسٹم‘ (بی ایم ایس) کے ذریعے چلائے جاتے ہیں، جس کے تحت نماز کے اوقات اور رش کے مطابق روشنی کی شدت کو خودکار انداز میں کنٹرول کیا جاتا ہے۔
صحنِ مطاف اور سعی کے مقامات پر زیادہ روشن لائٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ زائرین کی نقل و حرکت محفوظ اور واضح رہے، جبکہ اندرونی حصوں میں روحانی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی روشنی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ادارہ جدید مرکزی کنٹرول رومز کے ذریعے تمام نظاموں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی بھی کر رہا ہے، جس میں درجہ حرارت، بجلی کی فراہمی، آپریشنل رپورٹنگ اور ڈیٹا تجزیے کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
یہ مربوط اقدامات اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ ضیوف الرحمن کو حج کے دوران زیادہ سے زیادہ آرام، سہولت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے، تاکہ وہ مکمل اطمینان اور سکون کے ساتھ عبادات ادا کر سکیں۔