حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کے مرکزی دروازوں کی شناخت سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حرم مکی کے تمام بڑے اور مرکزی دروازوں کے اوپر دو نمایاں مینار تعمیر کئے گئے ہیں تاکہ زائرین، معتمرین اور نمازی آسانی کے ساتھ اپنے مطلوبہ داخلی راستے کو پہچان سکیں۔
انتظامیہ مطابق مسجد الحرام میں روزانہ لاکھوں افراد عبادت، طواف اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں، جس کے باعث بعض اوقات داخلی راستوں کی شناخت میں دشواری پیش آتی ہے۔
مزید پڑھیں
اسی مسئلے کے حل کے لیے مرکزی دروازوں کو مخصوص بصری علامات کے ذریعے نمایاں کیا گیا ہے، جن میں سب سے نمایاں دو مینار ہیں جو ہر مرکزی دروازے کے اوپر دکھائی دیتے ہیں۔
انتظامیہ نے آگاہی انفوجرافک کے ذریعے واضح کیا کہ مسجد الحرام کے 5 بڑے مرکزی دروازے درج ذیل ہیں:
- باب الملك عبدالعزیز نمبر (1)
- باب الملك فہد نمبر (79)
- باب الملك عبدالله نمبر (100)
- باب العمرہ نمبر (62)
- باب الفتح نمبر (45)
اتھارٹی نے بتایا کہ ان دروازوں کی واضح شناخت نہ صرف زائرین کی رہنمائی میں مدد دیتی ہے بلکہ ہجوم کو منظم کرنے، داخلی و خارجی راستوں کی روانی برقرار رکھنے اور ہنگامی حالات میں فوری رسائی کو بھی آسان بناتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جدید رہنمائی نظام، ڈیجیٹل سائن بورڈز، مختلف زبانوں میں معلوماتی ہدایات اور بصری نشانات کے ذریعے ضیوفِ رحمن کے سفر کو زیادہ آرام دہ اور محفوظ بنانے پر مسلسل کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات سعودی قیادت کی اُس حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد مسجد الحرام آنے والے ہر زائر کو بہترین سہولیات، آسان رہنمائی اور پرسکون عبادت کا ماحول فراہم کرنا ہے، خصوصاً حج اور عمرہ سیزن کے دوران جب لاکھوں افراد بیک وقت حرم پہنچتے ہیں۔