مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر اسامہ بن عبداللہ خیاط اور مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر احمد بن علی الحذیفی نے اپنے خطبات میں مسلمانوں کو تقویٰ الٰہی اختیار کرنے، اللہ کی عظمت کو دلوں میں بسانے اور اس کی اطاعت پر قائم رہنے کی تلقین کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد الحرام میں خطبے کے دوران شیخ اسامہ خیاط نے کہا کہ مومن کی پہچان بیدار شعور، زندہ دل اور باشعور عقل ہے، جو اسے اللہ کی مقرر کردہ حدود کی پاسداری پر آمادہ کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بعض اوقات اور مہینوں کو خصوصی فضیلت عطا کی ہے، جن میں حرمت والے مہینے بھی شامل ہیں، اور ان میں گناہوں سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہر وقت گناہ برا ہے، لیکن ان مقدس مہینوں میں اس کی سنگینی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب وہی شخص ہے جو اللہ کی رضا حاصل
کرنے کے لیے اپنی کوتاہیوں کی اصلاح کرے، بابرکت اوقات کو غنیمت جانے اور سیدھے راستے پر قائم رہے۔
دوسری جانب مسجد نبوی میں اپنے خطبے کے دوران شیخ احمد الحذیفی نے تقویٰ کو دنیا و آخرت کی کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے قرآن کریم کے واقعات سے سبق حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام، حضرت ہاجرہؑ اور حضرت اسماعیلؑ کے واقعے کو مثال بناتے ہوئے کہا کہ اللہ کے حکم پر کامل یقین اور توکل ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کے قصص انسان کو صبر، استقامت اور اللہ پر بھروسہ سکھاتے ہیں، اور کامل بندگی اسی وقت حاصل ہوتی ہے جب انسان اللہ کے ہر حکم کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دے۔
دونوں خطباء نے مسلمانوں کو ان بابرکت ایام میں عبادات کا اہتمام کرنے، گناہوں سے دور رہنے اور اللہ کا شکر ادا کرنے کی تلقین کی، خاص طور پر اس نعمت پر کہ انہیں امن و استحکام میسر ہے۔