ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی، آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکروں پر حملوں اور بحری ناکہ بندی نے خلیجی سلامتی اور عالمی تیل کی ترسیل کو نئے خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
آبنائے ہرمز کی اہمیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ جنگ سے پہلے دنیا کے تیل اور گیس کی تقریباً پانچویں حصے کے برابر رسد اس سمندری راستے سے گزرتی تھی۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق 18 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں صرف 263 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 15 فیصد کم تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے 23 نومبر کو شپنگ ڈیٹا کمپنی کیپلر کے حوالے سے بتایا کہ 19 نومبر تک کے دس دنوں میں آبنائے ہرمز سے تیل کی یومیہ ترسیل تقریباً 95 لاکھ بیرل رہی، جبکہ اکتوبر میں یہ اوسط ایک کروڑ 22 لاکھ بیرل روزانہ تھی۔
تیل کی ترسیل میں یہ کمی عالمی قیمتوں، بحری انشورنس، مال برداری کے اخراجات اور صنعتی پیداوار پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
خصوصاً پاکستان جیسے توانائی درآمد کرنے والے ممالک کے لیے مہنگی شپنگ اور درآمدی اخراجات میں اضافہ مزید معاشی دباؤ پیدا کرسکتا ہے۔