ہم میں سے اکثر لوگ نئی ایپس آزمانے کے شوقین ہوتے ہیں اور ہمارا سادہ سا اصول ہوتا ہے کہ ڈاؤن لوڈ کرو، تجربہ کرو اور پھر ڈیلیٹ کر دو۔
مزید پڑھیں
ہمیں لگتا ہے کہ جیسے ہی ہم نے ان انسٹال (Uninstall) کا بٹن دبایا، ہمارا ڈیٹا اور ہماری دی گئی معلومات بھی ختم ہو گئیں۔ لیکن ٹیکنالوجی کی دنیا میں یہ اطمینان صرف ایک دھوکا ہے۔
حقیقت اس سادہ سے نظر آنے والے ڈیلیٹ بٹن سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور تشویشناک ہے۔
آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں ہمارا کچھ بھی عمل
(یعنی ڈیجیٹل فُٹ پرنٹ) کبھی ختم نہیں ہوتا، بلکہ یہ ایک مستقل ڈیٹا میں تبدیل ہو جاتا ہے جو ہماری ڈیوائس (فون یا کمپیوٹر) کی حدود سے باہر نکل چکا ہوتا ہے۔
ڈیٹا باقی رہنا اور فائل سسٹم کا دھوکا
جب آپ اپنے فون سے کوئی ایپ یا فائل ڈیلیٹ کرتے ہیں، تو آپ کا آپریٹنگ سسٹم اسے میموری سے حقیقتاً صاف نہیں کرتا۔
ٹیکنالوجی کی زبان میں یہ سسٹم صرف فائل ٹیبل کو اپ ڈیٹ کرتا ہے اور اس جگہ پر دوبارہ لکھنے کے قابل (Available for Overwriting) کا نشان لگا دیتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا ڈیٹا اسٹوریج چپس کے اندر تب تک موجود رہتا ہے جب تک اس کے اوپر کوئی نیا ڈیٹا نہ لکھ دیا جائے۔
ڈیجیٹل فرانزک کی زبان میں اسے ’ڈیٹا کی باقیات‘ (Data Remnants) کہا جاتا ہے۔
چونکہ جدید فونز میں اسٹوریج کی جگہ بہت زیادہ ہوتی ہے، اس لیے پرانے ڈیٹا کے اوپر نیا ڈیٹا آنے میں مہینوں لگ سکتے ہیں، جس دوران سادہ سے سافٹ وئیر کے ذریعے آپ کی حذف شدہ تصاویر اور پیغامات ری کور (Recover) کیے جا سکتے ہیں۔
کلاؤڈ اسٹوریج کا جال اور کمپنی سرورز
یہ بھی جان لیں کہ اصل مسئلہ صرف آپ کے فون تک محدود نہیں ہے۔ آج کل کی اکثر ایپس محض ایک انٹرفیس ہیں جو پیچھے کسی کلاؤڈ سرور سے جڑی ہوتی ہیں۔
جب آپ فیس بک یا ٹک ٹاک جیسی ایپس ڈیلیٹ کرتے ہیں، تو آپ صرف اپنے فون سے اس کا کلائنٹ ختم کر رہے ہوتے ہیں، جبکہ کمپنی کے سرور پر آپ کا ڈیٹا، رویہ، ترجیحات اور ہسٹری بدستور موجود رہتی ہے۔
ڈیجیٹل پرائیویسی کے اصولوں کے مطابق اگر آپ اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ بھی کر دیں، تب بھی کمپنیاں اپنے الگورتھم کو بہتر بنانے کے لیے آپ کے ڈیٹا کی بیک اپ کاپیاں یا گمنام ریکارڈز اپنے پاس محفوظ رکھتی ہیں۔
اشتہاری کمپنیاں: ایپ سے بھی بڑھ کر
آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کوئی بھی ایپ تنہائی میں کام نہیں کرتی۔ زیادہ تر مفت ایپس اشتہاری اور تجزیاتی کمپنیوں کے سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ کٹس’ (SDKs) استعمال کرتی ہیں۔
اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایپ ڈیلیٹ کرنے کے بعد بھی یہ کمپنیاں آپ کی ڈیجیٹل شناخت (Digital Identity) سے جڑے ٹریکنگ کوڈز اپنے پاس رکھتی ہیں۔
آپ نے اس ایپ کے اندر کب کیا کیا، آپ کی دلچسپیاں کیا تھیں؟ یہ تمام ریکارڈ اشتہاری نیٹ ورکس کے پاس ایک پروفائل کی صورت میں جمع ہوتا رہتا ہے، جو دوسری ایپس کے ذریعے آپ کا تعاقب جاری رکھتے ہیں۔
ڈیجیٹل فٹ پرنٹ کا چیلنج
ماہرین واضح کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل نشانات کو مٹانا محض ایک تکنیکی عمل نہیں بلکہ ایک شعوری رویہ ہے۔ اس نہ مٹنے والے نقش سے پیچھا چھڑانے کے لیے صرف ان انسٹال کافی نہیں، بلکہ کچھ اہم اقدامات بھی ضروری ہیں:
- ڈیوائس انکرپشن: اپنے فون کو انکرپٹ (Encrypt) رکھیں تاکہ اگر ڈیٹا باقی رہ بھی جائے تو اسے بغیر کسی مخصوص کوڈ ، پاس ورڈ یا لاک کے پڑھنا ناممکن ہو۔
- معیاری صفائی (NIST 800-88): اگر آپ ڈیٹا مکمل مٹانا چاہتے ہیں تو ایسے ٹولز استعمال کریں جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیٹا کے اوپر کئی بار نئی تحریر لکھ کر اسے ناقابلِ واپسی بنا دیں۔
- مخصوص شناخت سے گریز: ہر ایپ کو گوگل یا ایپل آئی ڈی سے لنک نہ کریں، کیونکہ اس سے مختلف پلیٹ فارمز پر آپ کو ٹریک کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔
تحفظ ڈیلیٹ میں نہیں، احتیاط میں ہے
ڈیجیٹل دنیا میں ڈیلیٹ کرنا ایک اضافی اصطلاح ہے، کیونکہ ایپلی کیشن صرف ایک دروازہ ہے، جبکہ اصل ڈیٹا سرورز کے اسٹوریج میں محفوظ رہتا ہے۔