خالد نواز چیمہ
جدہ
پاکستان قونصلیٹ جدہ میں آپریشن ’بنیان المرصوم‘ کے ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے کہا کہ پاکستان کی فضائی اور عسکری قیادت نے آپریشن ’بینان المرصوم‘ میں بے مثال بہادری، سنجیدگی اور وطن سے محبت کا عملی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے پاکستانی میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے دنیا کو حقائق سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
او آئی سی میں پاکستانی مندوب، سفیر فواد شیر نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق اپنا دفاع کیا اور پاکستانی افواج نے قوم کی دعاؤں سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے بھارتی جعلی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جھوٹی خبروں کو خود بھارتی سنجیدہ حلقوں نے بھی مسترد کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مسعود احمد پوری، چیئرمین جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی انجینئر عارف مغل، کنوینر پاکستان قومی یکجہتی فورم سردار وقاص عنایت اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستانی افواج کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے ملک کی جارحیت کو مختصر وقت میں ناکام بنا کر دشمن کو واضح پیغام دیا۔
مقررین نے پاکستان کی عسکری قیادت اور کامیاب خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی آزادی کی جدو جہد میں نئی امید ملی ہے۔