اہم خبریں
6 May, 2026
--:--:--

حج کا عظیم سفر: انسانی اخلاق اور روح کی پاکیزگی کا بہترین ذریعہ

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
حج کا روحانی سفر اور خانہ کعبہ میں طواف کا روح پرور منظر
حج ایک ایسی عبادت ہے جو مخصوص وقت اور مقام کے ساتھ مشروط ہے (فوٹو؛ الجزیرہ)

اللہ تعالیٰ کی جانب سے حج کو انسانوں کے لیے ایک عظیم فریضہ اور اعزاز بنایا گیا ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کے دور سے جاری ہے۔

مزید پڑھیں

یہ ایسا روحانی سفر ہے جس میں روح انسانی جسم کی رہنمائی کرتے ہوئے اسے ظاہری و باطنی پاکیزگی کی منزل تک پہنچاتی ہے۔

خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے ملتِ ابراہیمی سے لوگوں کا تعلق ازسرِ نو استوار کیا، تاکہ ان روایتوں کو حیاتِ نو بخشی جا سکے جو معدوم ہو چکی تھیں اور ان کوتاہیوں کا ازالہ کیا جا سکے جو در آئی تھیں۔ 

تاریخ اور سیرت کی کتابوں میں اس بات کا ذکر ملتا ہے کہ حضرت محمدﷺ نے اپنی بعثت سے قبل دو مرتبہ حج بھی کیا تھا۔

اسلام نے حج کے دوران قربانی اور کھانا کھلانے کی ترغیب اس لیے دی کہ کہ مسلمانوں کو یہ سبق ملے کہ حقیقی دینداری صرف انفرادی عمل نہیں بلکہ اجتماعی فائدہ پہنچانے کا نام ہے۔ 

mina hajj
(فوٹو: انٹرنیٹ)

اس سے معاشرے میں ہمدردی اور باہمی تعاون کے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔

حج ایک ایسی عبادت ہے جو مخصوص وقت اور مقام کے ساتھ مشروط ہے تاکہ بندہ اپنی خواہشات کو چھوڑ کر اللہ کے حکم کے تابع ہو جائے، جہاں لباس اور دیگر پابندیاں انسان کو نظم و ضبط سکھاتی ہیں۔

قرآن کریم میں حج کے لیے ’لوگوں‘کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ یہ دعوت پوری انسانیت کے لیے ہے۔ 

یہ خطاب انسان کو اس کی بشری کمزوریوں سے نکال کر اللہ کی خاص ضیافت اور روحانی بلندیوں کی طرف لے جاتا ہے۔

حجاج کرام جب مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں تو طواف قدوم کے ذریعے ان کا استقبال کیا جاتا ہے۔ 

اس کے بعد وہ حدود حرم سے نکل کر میدان عرفات جاتے ہیں جہاں اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرماتا ہے اور پھر وہ یوم الحج الاکبر پر دوبارہ حرم واپس آتے ہیں۔

حج کو اخلاق سنوارنے اور رویوں کی اصلاح کا بہترین مدرسہ قرار دیا گیا ہے

رمی جمرات یعنی شیطان کو کنکریاں مارنے کا عمل دراصل اپنے اندر کی برائیوں اور دنیاوی خواہشات کے خلاف جہاد کی علامت ہے۔
یہ عمل حاجی کو اس کے نفس کی قید سے آزاد کر کے روح کی صفائی اور بلندی کی طرف مائل کرنے کا ایک اہم ترین ذریعہ بنتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے حج کے لیے کسی ایک مہینے کے بجائے ’معلوم مہینوں‘ کا تعین کیا ہے، تاکہ یہ ایام ایک عالمگیر روحانی اجتماع اور اجتماعیت کا مرکز بن سکیں، جہاں لوگ اپنے دنیوی و اخروی فوائد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ خدائے بزرگ و برتر کے ذکر سے اپنے قلوب کو منور کر سکیں۔

حج کو اخلاق سنوارنے اور رویوں کی اصلاح کا بہترین مدرسہ قرار دیا گیا ہے، جہاں لڑائی جھگڑے اور گناہوں سے بچنا لازمی ہے۔

masjid al haram umra hajj saei 2
(فوٹو: انٹرنیٹ)

اس سفر میں فحش گوئی اور نافرمانی سے بچنا ہی حج کی اصل روح اور اس کی قبولیت کی بنیاد ہے۔

مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کو حج یا عمرہ کا لازمی حصہ نہیں بنایا گیا تاکہ کسی پر بوجھ نہ پڑے۔ یہ عمل سراسر محبت پر مبنی ہے اور جو بھی وہاں حاضر ہوتا ہے وہ کسی جبر کے بغیر صرف عشق رسولؐ میں جاتا ہے۔

حج انسان کو اندر سے بدل دیتا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو اس عظیم عبادت میں شامل فرمائے اور ان کے اعمال کو قبول کرے۔