سعودی عربین آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن نے وزارتِ کھیل کے تعاون سے ڈاکار ریلی کے آٹھویں ایڈیشن کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے، جو یکم سے 15 جنوری 2027 تک منعقد ہوگا۔
نئے ایڈیشن میں 3 جدید مراحل شامل کئے گئے ہیں، جبکہ اس کا روٹ مملکت میں ریلی کی تاریخ کے طویل ترین خصوصی مراحل پر مشتمل ہوگا۔
نئے روٹ کا اعلان پیرس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں صدر سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن شہزادہ خالد بن سلطان العبدالله الفيصل نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ یہ ریلی سعودی عرب کے لیے فطری گھر کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہاں کی متنوع جغرافیائی ساخت صبر اور جستجو جیسی اقدار کو فروغ دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ریلی سعودی عرب کی پرعزم اور جدت پسند ریاست کے طور پر شناخت کی عکاسی کرتی ہے، اور منتظمین کھیل کے ذریعے دنیا سے روابط کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
ان کے مطابق، ڈکار ریلی صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ قومی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم بھی ہے۔
ریلی کے ٹائمڈ مراحل کا مجموعی فاصلہ 5,320 کلومیٹر ہوگا، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
مقابلے کا آغاز کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سے ہوگا، جبکہ روٹ میں بحیرہ احمر کے علاقوں پر خاص توجہ دی گئی ہے، جہاں ریتلے میدانوں سمیت مختلف جغرافیائی چیلنجز شامل ہوں گے۔
ریلی کے دوران شرکاء کو مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہوگا، جن میں ایک میراتھن مرحلہ بھی شامل ہے جس کے لیے خصوصی تیاری درکار ہوگی۔
اس کے علاوہ ’ڈاکار کلاسک‘ کیٹیگری میں رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مسابقتی شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے قوانین کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔
شہزادہ خالد بن سلطان نے ’سعودی عرب کی نئی نسل‘ پروگرام کے تیسرے بیچ کے انتخاب کا بھی آغاز کیا، جس کا مقصد ریلی اسپورٹس میں نئی سعودی صلاحیتوں کو تیار کرنا ہے۔
مزید برآں ’مشن 1000‘ چیلنج کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ موٹر اسپورٹس میں جدت کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ ایونٹ مملکت میں موٹر اسپورٹس کے شعبے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور شرکاء و شائقین کو منفرد تجربات فراہم کرتا ہے، جس سے عالمی سطح پر بڑے ایونٹس کی میزبانی میں سعودی عرب کی صلاحیت اجاگر ہوتی ہے۔