متحدہ عرب امارات کا اوپیک اور اوپیک پلس اتحاد سے علیحدگی کا اعلان توانائی کی عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کا باعث بن گیا ہے۔
مزید پڑھیں
یکم مئی 2026 سے نافذ ہونے والا یہ فیصلہ نہ صرف ابوظبی کی پیداواری صلاحیت، بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
اتحاد کی مضبوطی کا امتحان
اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ محض ایک رکن کی علیحدگی نہیں بلکہ تیل کی عالمی منڈی میں قیادت کے حصول کی جنگ ہے۔
اوپیک پلس کا مجموعی کنٹرول اور اتحاد اس وقت خطرے میں ہے، کیونکہ امارات ایک مرکزی خلیجی ملک ہے جو پیداواری صلاحیت میں اضافے کا واضح عزم رکھتا ہے۔
کوٹہ سسٹم اور تحفظات
اوپیک پلس میں ’کوٹہ سسٹم‘ کا مقصد پیداوار کو محدود کر کے قیمتوں میں استحکام لانا ہوتا ہے، تاہم امارات طویل عرصے سے ان پابندیوں پر تحفظات کا اظہار کر رہا تھا۔
یو اے ای کے مطابق یہ نظام ابوظبی کی بھاری سرمایہ کاری کو حقیقی پیداوار اور منافع میں بدلنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ تھا۔
اوپیک پلس پر اثرات
توانائی کے ماہر نہاد اسماعیل کے مطابق تیسرے بڑے پیداواری ملک کے انخلا سے اوپیک میں وقتی طور پر انتشار پیدا ہوگا، تاہم تاریخ گواہ ہے کہ اوپیک نے ماضی میں بھی کئی جھٹکے برداشت کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ تنظیم کے مستقبل کے لیے ایک بڑا چیلنج ضرور ہے، لیکن یہ اس کے خاتمے کی پیش گوئی نہیں ہے۔
مارکیٹ کنٹرول اور پیداواری حکمت عملی
معیشت اور توانائی کے ماہر عامر الشوبکی کا کہنا ہے کہ اوپیک پلس 3 بنیادی ہتھیاروں یعنی کوٹہ، رضاکارانہ کٹوتی اور اضافی پیداواری صلاحیت پر انحصار کرتی ہے اور امارات کے نکلنے سے یہ توازن متاثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ابوظبی اپنی قومی حکمت عملی کے تحت تیل نکالنا شروع کرے تو عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔
امارات کا مقصد
متحدہ عرب امارات کا مقصد تیل کے کم خرچ ذخائر سے زیادہ سے زیادہ منافع کمانا ہے، اس سے پہلے کہ عالمی منڈی میں توانائی کی منتقلی کا عمل مکمل ہو۔
ابوظبی اب اپنے تیل کو سیاسی اور معاشی اثاثے کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے تاکہ طویل مدتی طلب میں کمی سے قبل فائدہ اٹھایا جا سکے۔
اس فیصلے کے اثرات امریکا اور روس کے کردار پر بھی مرتب ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جہاں امریکا کے لیے پروڈیوسر کے طور پر مزید گنجائش نکل سکتی ہے، وہیں روس کے لیے اوپیک پلس میں اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنا مزید ضروری ہو گیا ہے۔
امارات کے فیصلے سے عالمی منڈی میں ایک نئے اور غیر یقینی دور کا آغاز ہو چکا ہے، جس کا حتمی اثر تیل کی قیمتوں اور سپلائی چین پر وقت کے ساتھ ہی واضح ہوگا۔