ایران اور امریکہ کی جنگ کے دوسرے مہینے کے اختتام پر کچھ الفاظ ایسے زیرغور آئے ہیں، جسے دنیا نے سیکڑوں بار سن رکھا ہے، لیکن ان کے پیچھے چھپی گہری تاریخ اور عسکری منطق سے اکثر لوگ ناواقف ہیں۔
مزید پڑھیں
یہ الفاظ محض نام نہیں بلکہ تمدنی اور جنگی علامات ہیں۔
1۔ ہرمز (Hormuz): حکمت کا رب
آبنائے ہرمز عمان اور ایران کے درمیان وہ تنگ راستہ ہے جہاں سے دنیا کی توانائی کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔
اس کے نام کے بارے میں سب سے مشہور نظریہ یہ ہے کہ یہ قدیم زرتشت مذہب میں اعلیٰ ترین خدا ’اہورا مزدا‘ (Ahura Mazda) کی
بگڑی ہوئی شکل ہے، جس کا مطلب ’دانا خدا‘ یا ’حکمت کا رب‘ہے۔
بعض ماہرین اسے فارسی الفاظ ’ہور‘ (بہتا پانی) اور ’موغ‘ (کھجور) کا مجموعہ قرار دیتے ہیں، جبکہ یونانی میں ’ہورموس‘ کا مطلب خلیج ہے۔
2۔ شاہد (Shahed): فضا میں دوڑتا گواہ
ایران کے تیار کردہ ’شاہد‘ نامی خودکش ڈرونز کم قیمت ہونے کے باوجود دفاعی نظام کو مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
عربی اور فارسی میں ’شاہد‘ کا مطلب گواہ یا مشاہدہ کرنے والا ہے۔ یہ ڈرونز جھنڈ (Swarms) کی صورت میں نچلی پرواز کرتے ہوئے مہنگے ترین دفاعی نظاموں کو الجھا دیتے ہیں، جس سے دشمن کے وسائل ضائع ہوتے ہیں۔
3۔ ٹوماہاک (Tomahawk): ریڈانڈینز کا کلہاڑا
امریکہ کا سب سے درست نشانہ لگانے والا کروز میزائل ’ٹوما ہاک‘ دراصل شمالی امریکہ کے قدیم باشندوں (Red Indians) کے اس کلہاڑے کے نام پر ہے جسے وہ شکار اور لڑائی کے لیے استعمال کرتے تھے۔
بدقسمتی سے حالیہ جنگ کے آغاز میں ایک ’ٹوما ہاک‘ میزائل ایران کے ایک اسکول پر گرا جس سے 170 بچے جاں بحق ہوئے، جس نے اس ’کاٹنے والے آلے‘ کی ہولناکی کو ایک بار پھر ثابت کیا۔
4۔ میناب (Minab): نیلا پانی، یا نیلا قلعہ
صوبہ ہرمزگان کا یہ شہر اپنی زراعت اور باغات کی وجہ سے ’نخلستان‘ کہلاتا ہے۔
جنگ کے پہلے دن یہاں کا ’شجرہ طیبہ اسکول‘ فضائی حملے میں تباہ ہوا۔ فارسی میں ’میناب‘ کا مطلب ’صاف یا نیلا پانی‘ لیا جاتا ہے، جبکہ بعض مورخین اسے ’قلعہ مینا‘ (نیلا قلعہ) سے منسوب کرتے ہیں۔
5۔ باب المندب (Bab Al-Mandab): آنسوؤں کا دروازہ
یمن اور جبوتی کے درمیان واقع یہ آبنائے بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے جوڑتی ہے۔
اسے ’آنسوؤں کا دروازہ‘ یا ’غم کا دروازہ‘ کہا جاتا ہے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایران نواز حوثیوں کی جانب سے اس کی بندش کی دھمکی نے ایشیا اور یورپ کے درمیان عالمی تجارت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
6۔ ایپک فیوری (Epic Fury): داستانوی غضب
یہ اس مشترکہ فوجی مہم کا کوڈ نیم ہے جو واشنگٹن اور تل ابیب نے ایران کے خلاف 28 فروری کو شروع کی۔
- Epic یونانی لفظ ’ایپوس‘ سے نکلا ہے جس کا مطلب عظیم کہانی یا بہادری کی داستان ہے۔
- Fury لاطینی لفظ ’فوریا‘ سے ماخوذ ہے، جو رومی اساطیر میں ان ’انتقامی دیویوں‘ کو کہا جاتا تھا جو جہنم سے نکل کر گناہ گاروں کو سزا دیتی تھیں۔ اس نام کا انتخاب ہی امریکہ کے سخت جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
7۔ آیت اللہ (Ayatollah): خدا کی نشانی
شیعہ مسلک میں یہ ایک بلند پایہ مذہبی لقب ہے، جو دو الفاظ ’آیہ‘ (نشانی یا معجزہ) اور ’اللہ‘ کا مجموعہ ہے۔
ایران میں انقلابِ اسلامی کے بعد سے یہ لقب مذہبی اور سیاسی اقتدار کی علامت بن چکا ہے، جہاں جید علما شریعت کی تشریح اور ریاستی امور میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔
8۔ خارک (Khark): ممنوع جزیرہ
خلیج میں واقع یہ چھوٹا سا جزیرہ ایران کی تیل برآمدات کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ اسے ’ممنوع جزیرہ‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں عام شہریوں کی رسائی انتہائی محدود ہے۔ اس کے نام کا مطلب قدیم ایرانی زبانوں میں ’گرم مقام‘ کے ہو سکتے ہیں۔
حالیہ جنگ میں امریکی حملوں نے یہاں کے 90 فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، تاہم توانائی کے انفرا اسٹرکچر کو دانستہ طور پر بچایا گیا تاکہ عالمی منڈی متاثر نہ ہو۔
یہ تمام اصطلاحات ثابت کرتی ہیں کہ موجودہ جنگ محض زمین کے ٹکڑے یا ایٹمی پروگرام کی نہیں، بلکہ یہ قدیم تہذیبوں، مذہبی علامتوں اور جدید عسکری طاقت کے ٹکراؤ کی ایک پیچیدہ داستان ہے جو ’آنسوؤں کے دروازے‘ سے لے کر ’انتقامی دیویوں‘ کے غضب تک پھیلی ہوئی ہے۔