اہم خبریں
17 April, 2026
--:--:--
براہ راست نشریات

شاہراہِ ریشم: اسلامی تہذیب و تمدن اور تجارتی  سفر کی تاریخی کہانی

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
شاہراہ ریشم تاریخ اور اسلامی تہذیب و تجارت کا سفر
طریقِ حریر (شاہراہ ریشم) کا نقشہ (فوٹو: الجزیرہ)

کم و بیش 2 ہزار سال پرانی شاہراہِ ریشم محض تجارتی سامان کی نقل و حمل کا راستہ نہیں تھی، بلکہ یہ ایک ایسی تہذیبی تاریخ تھی جس نے براعظموں کو جوڑ دیا۔

مزید پڑھیں

اس راستے سے نہ صرف قافلے گزرے، بلکہ کتابیں، عقائد، ادبی روایات اور انسانی تہذیبوں کا وہ تبادلہ ہوا جس نے ایشیا سے یورپ تک کے معاشروں کو ایک نئے سانچے میں ڈھال دیا۔

آغاز اور تاریخی تناظر

محققین ایرین فرینک اور ڈیوڈ براون اسٹون کے مطابق اس راستے کا تعلق 4 ہزار سال پرانا ہے۔ 

اگرچہ باضابطہ تاریخ 105 سے 115 قبل مسیح کے درمیان بتائی جاتی ہے، لیکن اس سے صدیوں قبل بھی تاجروں اور مسافروں نے یہ کٹھن سفر جاری رکھا تھا۔

ہان خاندان (206 ق م – 220 عیسوی) کے دور میں یہ راستہ چین سے روم تک تجارت کا باقاعدہ مرکز بنا۔

شاہراہ ریشم تاریخ اور اسلامی تہذیب و تجارت کا سفر
شاہراہِ ریشم چین: قدیم و تباہ شدہ شہر جیاوہی کی فصیلوں کے درمیان واقع گزرگاہ (فوٹو: الجزیرہ)

قدیم چینی داستانیں اور زمینی حقائق

چینی تاریخ میں شہنشاہ ’مو‘ کے سفر کا ذکر ملتا ہے، جسے قدیم اور تاریخی اہمیت حاصل ہے۔ اس دور کے قصے بتاتے ہیں کہ ہزاروں سال قبل بھی حکمران مغربی ایشیا کے خزانوں اور راستوں کی تلاش میں تھے۔

تاہم حقیقت میں اس راستے کی بقا کا سہرا اُن بدوؤں کے سر ہے جنہوں نے دو کوہانوں والے اونٹوں کی مدد سے صحرائی و پہاڑی مشکلات کو شکست دی۔

تجارتی تحفظ اور ریاستی سرپرستی

شاہراہِ ریشم کی کامیابی کا دارومدار سیکیورٹی پر تھا، جس کے لیے مقامی سلطنتوں نے تجارتی سامان کے تحفظ کے عوض ٹیکسوں کا نظام متعارف کرایا۔

چین کی سلطنت نے تیسری صدی قبل مسیح سے ہی سڑکوں کی دیکھ بھال اور فوجی دستوں کی تعیناتی کے ذریعے قافلوں کو تحفظ فراہم کیا، جس سے تجارت اور سرمایہ کاری کو زبردست فروغ ملا۔

شاہراہ ریشم تاریخ اور اسلامی تہذیب و تجارت کا سفر
قازقستان: ازرت سلطان میوزیم میں واقع خواجہ احمد یسوی کے مزار کے قریب شاہراہِ ریشم پر اونٹوں کے قافلے کا مجسمہ (فوٹو: الجزیرہ)

اسلامی سلطنت اور شاہراہِ ریشم کا سنہری دور

ساتویں سے دسویں صدی عیسوی کے درمیان اسلامی سلطنتوں کے عروج نے اس راستے کی اہمیت بدل دی، جب بنو امیہ اور عباسی دور میں مسلم تاجروں نے اس راستے کو اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنایا۔

یہ پھیلاؤ محض عسکری نہیں تھا، بلکہ سماجی ہم آہنگی اور علمی تبادلے پر مبنی تھا۔ اس دور میں دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل مذہبی آزادی دی گئی، جس سے متاثر ہو کر مقامی اشرافیہ نے اسلام قبول کیا۔

علمی و ثقافتی اثرات کا پھیلاؤ

اسلامی دور میں بغداد، سمرقند و بخارا علم و حکمت کے مراکز بنے۔ مسلم سائنسدانوں نے طب، فلکیات اور فنون میں عالمی معیار قائم کیے۔

البیرونی انسٹی ٹیوٹ (تاشقند) آج بھی اس دور کے مخطوطات کا محافظ ہے۔ یہ علمی وراثت صرف شہروں تک محدود نہیں  رہی، بلکہ صوفیا اور مبلغین کے ذریعے پہاڑی علاقوں تک پہنچ گئی۔

شاہراہ ریشم تاریخ اور اسلامی تہذیب و تجارت کا سفر
سمرقند، ازبکستان: مشہور اسلامی مدرسہ سِلک روڈز (ریگستان کمپلیکس) کی خوبصورت ٹائلوں سے مزین بیرونی جھلک (فوٹو: الجزیرہ)

عالمی معیشت پر اسلام کا اثر

مسلم تاجروں نے اسلام کی اخلاقی تعلیمات کو تجارت کا حصہ بنایا۔

شمالی یورپ اور فن لینڈ تک ملنے والے اسلامی سکے اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلم تجارتی نیٹ ورک کتنا وسیع تھا۔ ایشیا وسطیٰ اس دور میں عالم اسلام اور اقتصادی طاقت کا مرکز بن گیا، جس نے مشرق و مغرب کے درمیان ایک منفرد توازن قائم کیا۔

ماہرین بتاتے ہیں کہ شاہراہِ ریشم صرف ایک جغرافیائی گزرگاہ نہیں تھی، بلکہ یہ انسانی ارتقا کا ایک ایسا تجربہ تھا جس نے ثابت کیا کہ تجارت اور ثقافت کا باہمی ملاپ تہذیبوں کو عروج تک لے جاتا ہے۔ 

اسلام کی آمد نے اس راستے کو ایک عالمگیر اخلاقی اور علمی حیثیت دی، جس کے اثرات صدیوں بعد بھی دنیا کے تہذیبی نقشے پر نمایاں ہیں۔