مسجد الحرام کے اطراف میں مکی تحائف زائرین کے روحانی تجربے کا اہم حصہ بن چکے ہیں، جہاں حجاج اور معتمرین اپنی مقدس عبادت کے سفر کی یادگار کے طور پر مختلف اشیاء خریدنے میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں۔
زائرین اپنے ساتھ محبت، برکت اور روحانیت کے پیغامات لے کر جاتے ہیں، جو وہ اپنے اہل خانہ، دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے تحفے کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق ان تحائف میں قرآنِ مجید، جائے نماز، تسبیح، مشرقی خوشبوئیں، اور مسجد الحرام کی تصاویر شامل ہوتی ہیں، جبکہ مقامی ثقافت اور مکہ کی تاریخی وراثت کی عکاسی کرنے والی روایتی مصنوعات بھی بڑی تعداد میں دستیاب ہیں۔
تحائف لے جانے کی روایت صدیوں پرانی ہے، ابتدائی دور کے مسلمان بھی یہاں سے یادگار کے طور پر تحائف اپنے ہمراہ لے جاتے تھے۔
وقت کے ساتھ ساتھ یہ روایت مزید ترقی کرتی گئی اور اب اس میں جدید اور روایتی دونوں طرز کے یادگاری آئٹمز شامل ہو چکے ہیں۔
مسجد الحرام کے قریب واقع بازاروں میں مختلف اقسام کی مصنوعات موجود ہیں، جہاں دنیا بھر سے آنے والے زائرین اپنے اہل خانہ کے لیے مناسب تحائف کا انتخاب کرتے ہیں۔
یہ خریداری نہ صرف ایک جذباتی عمل ہے بلکہ ان کے روحانی سفر کا اہم حصہ بھی سمجھی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ تجارتی سرگرمیاں مکہ مکرمہ کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، کیونکہ یہ شہر سالانہ لاکھوں زائرین کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور یہاں کی تجارتی زندگی عبادت کے تجربے کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔
یوں مکی تحائف محض اشیاء نہیں بلکہ یادوں، محبت اور روحانیت کی علامت بن جاتے ہیں جو دنیا بھر میں حجاج اور معتمرین کے تجربے کو زندہ رکھتے ہیں۔