امریکی اسٹاک مارکیٹس میں آج پیر کے روز کاروبار کا آغاز کمی کے ساتھ کیا، کیونکہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی دوبارہ سرمایہ کاری کے خطرات کی قیمتوں کے تعین میں مرکزی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ہفتے کے آغاز میں امریکہ اور ایران کے مذاکرات ناکام ہو گئے، اور اسی دوران ایرانی بندرگاہوں پر امریکی پابندیوں کے آغاز نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمت دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد پر دباؤ بڑھ گیا۔
مزید پڑھیں
ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج آغاز میں 198.4 پوائنٹس یا 0.41 فیصد کمی کے ساتھ 47718.21 پوائنٹس پر آ گیا، جبکہ ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 10.4 پوائنٹس یا 0.15 فیصد کمی کے بعد 6806.47 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
اسی طرح ناسڈیک کمپوزٹ 53.7 پوائنٹس یا 0.23 فیصد کمی کے ساتھ 22849.23 پوائنٹس پر آ گیا۔
یہ آغاز امریکی جانب سے ایرانی ساحلی علاقوں اور بندرگاہوں تک رسائی پر نئی پابندیوں کے نفاذ کے بعد ہوا، جسے رائٹرز کے مطابق سرمایہ کاروں نے سپلائی چین میں ممکنہ خلل اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے خدشے کے طور پر دیکھا۔
گزشتہ دنوں امریکی اسٹاک مارکیٹس کو اس امید سے فائدہ ہوا تھا کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات جنگ کو روک سکتے ہیں تاہم اب مارکیٹ نے ایک بار پھر محتاط رویہ اختیار کر لیا ہے۔
اس وقت اسٹاک مارکیٹس کو اس خطرے کا سامنا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی ایران کے خلاف کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے، خاص طور پر ایک کمزور جنگ بندی کے ایک ہفتے بعد جس نے پہلے تیل کی قیمتیں کم اور اسٹاک مارکیٹس کو سہارا دیا تھا۔