کھانا پکاتے وقت برتن دھونا، کاؤنٹر صاف کرنا یا فالتو اشیا فوراً ہٹا دینا بظاہر ایک سادہ سی عادت لگتی ہے، مگر ماہرینِ نفسیات کے مطابق یہ عادت صرف صفائی پسندی کا اظہار نہیں، بلکہ ذہنی نظم و ضبط، دباؤ سے نمٹنے کی صلاحیت اور مستقبل کی منصوبہ بندی کی عکاس ہو سکتی ہے۔
برطانوی ویب سائٹ Bury Council کی ایک رپورٹ کے مطابق کھانے پکاتے وقت یا کچن استعمال کرتے وقت ساتھ ساتھ صفائی کرنے والے افراد اکثر ایسی نفسیاتی خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں جو ان کی پیشہ ورانہ زندگی، تعلقات اور مجموعی فلاح و بہبود پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔
سادہ عمل، گہرا مطلب
مثال کے طور پر جب کوئی شخص پاستا ابالتے ہوئے خالی وقت میں پین دھو لیتا ہے، تو وہ صرف وقت نہیں بچا رہا ہوتا بلکہ ترجیحات طے کرنے، آئندہ اضافی محنت سے بچنے اور ذہنی نظم برقرار رکھنے کا مظاہرہ کر رہا ہوتا ہے۔
تحقیقات بتاتی ہیں کہ ایسے افراد بیک وقت کئی ذہنی مہارتیں استعمال کرتے ہیں، جیسے دباؤ میں ترتیب برقرار رکھنا، جذبات پر قابو رکھنا اور پیشگی سوچنا۔ یہی مہارتیں وقت کے ساتھ شخصیت کا مستقل حصہ بن جاتی ہیں۔
1: دماغی نظم و نسق
ایگزیکٹو فنکشنز دماغ کا انتظامی نظام ہیں، جن میں ورکنگ میموری، لچکدار سوچ اور خود پر قابو شامل ہیں۔
جو شخص کھانا پکاتے ہوئے برتن بھی سنبھالتا ہے، وہ دراصل دو الگ کاموں کو یکجا کر رہا ہوتا ہے۔ پیاز بھونتے ہوئے ڈش واشر لوڈ کرنا اور الارم بجتے ہی توجہ بدل لینا اسی ذہنی صلاحیت کی مثال ہے۔
یہی مہارتیں کام کے پیچیدہ منصوبوں، تعلیم اور طویل مدتی منصوبہ بندی میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
2: ذہنی بوجھ سے آزادی
نفسیاتی مطالعات نے ظاہری بے ترتیبی کو زیادہ کورٹی سول (تناؤ کے ہارمون) سے جوڑا ہے۔ یعنی سنک میں جمع برتن یا چپچپے کاؤنٹر دماغ کو ادھورے کاموں کی یاد دلاتے ہیں، جس سے دباؤ بڑھتا ہے۔
جو لوگ دورانِ پکوان صفائی کر لیتے ہیں، وہ اس ذہنی بوجھ کو جمع نہیں ہونے دیتے اور اکثر خود کو زیادہ پرسکون محسوس کرتے ہیں۔
3: ذمہ داری
یہ عادت شخصیت کی بڑی خصوصیت یعنی احساس سے جڑی ہوتی ہے۔ ایسے افراد عموماً وقت کے پابند، وعدوں کے پابند اور منظم ہوتے ہیں۔
وہ مسائل کو بعد میں حل کرنے کے بجائے ابتدا ہی میں روکنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہی رجحان انہیں بل وقت بل ادا کرنے، ملاقاتیں یاد رکھنے اور روزمرہ معمول برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
4: خود پر مضبوط کنٹرول
کھانا پکانے کے بعد صفائی کو ٹال دینا (بعد میں کرنے کے لیے رکھ دینا) آسان ہوتا ہے۔ دوسری جانب اسی لمحے چکنائی والا پین دھو لینا دراصل خود پر قابو کی ایک چھوٹی مگر اہم مثال ہے۔
اس مثالی نظم و ضبط پر ہونے والی تحقیق بتاتی ہے کہ ایسی چھوٹی مگر مسلسل مشقیں مجموعی قوتِ ارادی کو مضبوط کرتی ہیں۔ یہی لوگ عام طور پر مالی نظم، ورزش کے معمول اور مشکل گفتگو سے گریز نہ کرنے میں بھی کامیاب رہتے ہیں۔
5: مکانی ذہانت
منظم انداز میں (ذہن کو حاضر رکھتے ہوئے) کھانا پکانا ایک ذہنی پہیلی کی طرح ہے۔ اس میں جگہ کا اندازہ لگانا، برتنوں کی ترتیب اور آئندہ مراحل کی پیشگی تیاری شامل ہے۔
یہ صلاحیت مکانی ذہانت کہلاتی ہے۔ ایسے افراد نہ صرف کچن میں بلکہ سفر کے سامان کی ترتیب، فرنیچر کی تنظیم اور تنگ جگہ پر گاڑی پارک کرنے میں بھی مہارت دکھاتے ہیں۔
6: جذباتی توازن
کھانا پکانا بیک وقت کئی کاموں کی وجہ سے دباؤ پیدا کر سکتا ہے، جبکہ اس دوران صفائی شامل کرنا جذباتی طور پر آپ کو سکون فراہم کرتا اور دباؤ سے دور رکھتا ہے۔
جو شخص سکون سے آنچ کم کرتا ہے، فون بند کرتا ہے اور کام جاری رکھتا ہے، وہ دراصل جذباتی نظم کا مظاہرہ کر رہا ہوتا ہے۔ یہی صلاحیت زندگی کے بڑے چیلنجز، تنازعات اور ڈیڈ لائنز میں بھی مدد دیتی ہے۔
7: ذہنی بیداری
دورانِ پکوان صفائی کے لیے موجود لمحے پر مکمل توجہ درکار ہوتی ہے: لہسن کی خوشبو، پانی کی حرارت اور وقت کا درست اندازہ۔
یہ کیفیت ذہنی بیداری یا مائنڈفل نیس سے مشابہ ہے، جو علاج اور مراقبے میں استعمال ہوتی ہے۔ ایسی توجہ غلطیوں کو کم اور ذہنی سکون کو بڑھاتی ہے۔
8: طویل مدتی سوچ
اس عادت کی اصل جڑ مستقبل بینی ہے۔
یعنی ابھی ایک برتن دھونا رات گئے بڑے بوجھ سے بچا سکتا ہے۔ یہ ذہنیت مختصر محنت کے بدلے طویل آرام کو ترجیح دیتی ہے، جو کامیاب منصوبہ بندی اور متوازن زندگی کی بنیاد ہے۔
کھانا پکاتے ہوئے صفائی کرنا محض ایک عملی عادت نہیں بلکہ ذہنی نظم، خود کنٹرول اور دور اندیشی کی علامت ہو سکتی ہے۔
یہ چھوٹا سا عمل باورچی خانے سے نکل کر کام، تعلقات اور ذاتی فلاح تک اثر انداز ہوتا ہے۔ شاید اسی لیے بعض اوقات شخصیت کی گہرائی کا اندازہ بڑے فیصلوں سے نہیں بلکہ ایسے معمولی مگر مستقل رویّوں سے لگایا جا سکتا ہے۔