ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ جون میں ورلڈ کپ کے لیے امریکہ روانگی سے قبل ایرانی وفد کو کسی بھی قسم کی تضحیک سے بچانے کی واضح و تحریری ضمانت فراہم کی جائے۔
مزید پڑھیں
الجزیرہ کے مطابق یہ مطالبہ گزشتہ ہفتے کینیڈا کی سرحد پر پیش آنے والے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ ایرانی وفد کو امیگریشن حکام کے نامناسب رویے کے باعث وینکوور میں فیفا اجلاس میں شرکت کے بغیر واپس لوٹنا پڑا تھا۔
کینیڈا کے وزیر امیگریشن نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ مہدی تاج کا ویزا اس وقت منسوخ کیا گیا جب وہ جہاز پر سوار تھے، کیونکہ ان کے ایرانی
پاسداران انقلاب سے تعلقات ہیں جسے کینیڈا نے 2024 میں دہشت گرد قرار دیا تھا۔
فیفا کے سیکرٹری جنرل ماتیاس گرافسٹروم نے ایرانی وفد کو پیش آنے والی پریشانی اور مایوسی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے فٹ بال فیڈریشن کو 20 مئی کو زیورخ میں ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بات چیت کے لیے مدعو کیا ہے۔
مہدی تاج نے ایک انٹرویو کے دوران واضح کیا کہ وہ فیفا سے مطالبہ کریں گے کہ امریکہ میں ایرانی نظام کی علامات اور بالخصوص ایرانی پاسداران انقلاب کی کسی بھی قسم کی توہین کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی فٹ بال چیف کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کا میزبان فیفا ہے نہ کہ امریکہ یا ٹرمپ، لہٰذا اگر وہ میزبانی کر رہے ہیں تو انہیں ایرانی عسکری اداروں کی تضحیک روکنے کی ذمہ داری بھی مکمل طور پر قبول کرنی ہوگی۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن کو ایرانی کھلاڑیوں کی شرکت پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم ایرانی پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کو ملک میں داخلے کی ہرگز اجازت نہیں ملے گی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ کر رہے ہیں، جس میں ایرانی ٹیم کو اپنے گروپ مرحلے کے 2 میچز لاس اینجلس اور ایک میچ سیئٹل میں کھیلنا ہے، جو 11 جون سے شروع ہوگا۔
فروری میں اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کے بعد سے ایران میں فٹ بال لیگ معطل ہے، تاہم قومی ٹیم کے کھلاڑی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے تہران میں جاری تربیتی کیمپ میں اپنی مشقیں اور تیاریاں باقاعدگی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایرانی فیڈریشن اب ترکیہ میں ایک مضبوط حریف کے خلاف دوستانہ میچ کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس سے قبل مارچ کے آخر میں ایرانی ٹیم نائیجیریا اور کوسٹاریکا کے خلاف دو دوستانہ میچز کھیل کر اپنی صلاحیتیں آزما چکی ہے۔