مسجد نمرہ میدانِ عرفات کی اہم ترین تاریخی اور مذہبی یادگاروں میں شامل ہے۔
مسجد الحرام کے بعد مشاعر مقدسہ کی نمایاں مسجد سمجھی جانے والی اس عبادت گاہ کو سعودی حکومت نے جدید ترین سہولتوں، وسیع توسیعات اور عالمی نشریاتی نظام سے آراستہ کیا ہے۔
حج کے دوران یہی وہ مقام ہے جہاں سے خطبۂ عرفہ پوری دنیا تک پہنچایا جاتا ہے۔
مسجد نمرہ میدانِ عرفات کی اہم ترین اسلامی اور تاریخی یادگاروں میں شمار ہوتی ہے۔
یہ مسجد مکہ مکرمہ سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اسے مسجد عرفہ اور جامع ابراہیمؑ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
مشاعرِ مقدسہ میں مسجد الحرام کے بعد اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔
مسجد نمرہ 150 ہجری میں قائم کی گئی تھی۔
ابتدائی دور میں اس کا رقبہ محدود تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ مختلف ادوار میں اس کی تعمیر، توسیع اور تزئین و آرائش کا سلسلہ جاری رہا۔
موجودہ عظیم الشان شکل سعودی حکومت کی وسیع توسیعی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ مسجد کے گرد و نواح میں شجرکاری، جدید سہولتوں اور حجاج کی آسانیوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
تعمیر اور توسیع کی تاریخ
مسجد نمرہ کی تعمیر و توسیع میں مختلف اسلامی حکمرانوں نے کردار ادا کیا۔
843 ہجری میں سلطان ملک ظاہر جقمق نے اس کی ازسرِ نو تعمیر کرائی، جبکہ 874 ہجری میں سلطان اشرف قایتبائی نے مسجد کی توسیع کروائی تاکہ حجاج شدید گرمی میں نماز کی ادائیگی آسانی سے کر سکیں۔
سعودی دور میں مسجد نمرہ کو جدید تعمیراتی انداز کے مطابق وسیع کیا گیا۔
ماضی میں اس کی لمبائی تقریباً 90 میٹر اور چوڑائی 80 میٹر تھی، جبکہ توسیع کے بعد اس کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 24 ہزار مربع میٹر تک پہنچ چکا ہے۔
اس میں 4 لاکھ نمازیوں کے بیک وقت نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
جدید سہولتوں سے آراستہ عظیم مسجد
مسجد نمرہ جدید طرزِ تعمیر کا حسین نمونہ ہے۔
اس کے 6 مینار ہیں، ہر مینار تقریباً 60 میٹر بلند ہے جبکہ مسجد میں 3 گنبد تعمیر کیے گئے ہیں۔
قدرتی روشنی کے لیے خصوصی کھڑکیاں اور روشن دان بنائے گئے ہیں۔
مسجد میں ہزاروں برقی قمقمے، سینکڑوں ایئر کنڈیشنرز، پنکھے، جدید صوتی نظام، مکمل ریڈیو نیٹ ورک اور براہِ راست نشریاتی سہولتیں موجود ہیں۔
یہاں سے خطبۂ عرفہ اور نماز پوری دنیا میں براہِ راست نشر کی جاتی ہے۔
مصنوعی سیاروں کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمان وقوفِ عرفہ کے مناظر دیکھتے اور سنتے ہیں۔
میدانِ عرفات اور مسجد نمرہ کا تاریخی تعلق
مسجد نمرہ میدانِ عرفات کے مغربی حصے میں واقع ہے۔
اس کے قریب وادیٔ عرنہ موجود ہے، جبکہ مسجد کی ایک سمت حرم مکہ اور میدان عرفات کے درمیان حدِ فاصل کی حیثیت رکھتی ہے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں خطیبِ عرفہ ہر سال حج کا تاریخی خطبہ دیتے ہیں۔
روایات کے مطابق رسول اللہﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر نمرہ میں قیام فرمایا تھا۔
حضرت جابرؓ کی روایت کے مطابق نبی کریمﷺ کے لیے یہاں ایک سایہ دار جگہ تیار کی گئی تھی۔
بعد ازاں اسی مقام کی تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھنے کے لیے مختلف ادوار میں تعمیراتی اقدامات کیے گئے۔
روحانی عظمت اور عالمی مرکزیت
حج کے دوران لاکھوں حجاج مسجد نمرہ پہنچنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
اسلامی امور کی وزارت یہاں قرآن پاک کے ہزاروں نسخے فراہم کرتی ہے، جبکہ مرد و خواتین کے لیے جدید سہولتوں سے آراستہ وضو اور طہارت کے انتظامات بھی موجود ہیں۔
مسجد نمرہ صرف ایک عبادت گاہ نہیں، بلکہ اسلامی تاریخ، روحانیت، اجتماعیت اور جدید انتظامی مہارت کا عظیم امتزاج ہے۔
یہی وجہ ہے کہ میدانِ عرفات میں واقع یہ مسجد دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عقیدت، روحانیت اور اتحادِ امت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔