براہ راست نشریات

ٹرمپ اور نتن یاہو کے لیے خطرہ ابھی باقی ہے!

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
US Midterm Elections
Picture of محمد مبشر انور

محمد مبشر انور

سینئر تجزیہ نگار

امریکہ اور اسرائیل کے انتخابی نتائج کے باوجود مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ختم ہونے کے امکانات واضح نہیں۔
ٹرمپ کو کانگریس میں سیاسی دباؤ جبکہ نیتن یاہو کو حکومت سازی کے چیلنج کا سامنا ہے۔
کیا ایران کے ساتھ نئی جنگ اقتدار کی سیاسی جنگ کو بدل سکتی ہے؟

اسرائیل کے عام اور امریکہ کے وسط مدتی انتخابات ہو چکے ہیں اور توقعات کے مطابق، گو کہ جزوی طور پر توقعات پوری نہیں ہوئیں، انتخابی نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ 

جزوی اس حوالے سے کہ شدید توقع تھی کہ اسرائیل میں نیتن یاہو واضح شکست سے دوچار ہوں گے لیکن نیتن یاہو کا اتحاد اور جماعت انتخابات میں اکثریت تو حاصل کر چکے ہیں مگر حکومت سازی میں ان کا امکان کم نظر آتا ہے۔ 

📊 اہم اعداد — سیاسی منظرنامہ ایک نظر میں

2026: امریکی وسط مدتی انتخابات کا سال؛ ڈیموکریٹس دونوں ایوانوں میں آئندہ مدت کے لیے اکثریت حاصل کر چکے ہیں۔

53 نشستیں: اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کے سیاسی بلاک کو حاصل نشستیں۔

48 + 19 = 67 سفارشات: آئزنکوٹ کے اتحادی بلاک کی نشستیں اور دو عرب جماعتوں کی سفارشات؛ یہ ایک مکمل حکومتی اتحاد نہیں۔

28 + 14 دن: اسرائیل میں حکومت بنانے کے لیے ابتدائی مدت اور ممکنہ توسیع۔

دوسری طرف امریکہ میں ڈیموکریٹس نے میدان مار لیا ہے اور ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں واضح برتری حاصل کر لی ہے۔

ان انتخابی نتائج سے کیا کچھ ممکن ہو سکے گا؟ کیا ایران کے خلاف جنگ بند ہو جائے گی یا ٹرمپ کانگریس کے خلاف نئے سرے سے صف بندی کریں گے؟ 

کیا ٹرمپ کا مواخذہ ہو سکے گا یا وہ مواخذے سے بچ جائیں گے؟ 

ڈیموکریٹس کے ساتھ ورکنگ ریلیشن قائم ہو سکے گا یا نہیں؟ 

کیا نیتن یاہو اقتدار سے باہر ہو جائیں گے؟ 

نیتن یاہو کا مستقبل کیا ہو گا؟

مزید پڑھیں

یہ سوالات بظاہر انتخابی نتائج کے ساتھ آسان دکھائی دیتے ہیں لیکن آئینی و قانونی صورتحال کے تناظر میں ابھی بھی بہت کچھ باقی ہے اور نہ ٹرمپ اور نہ ہی نیتن یاہو اتنی آسانی سے اپنے عزائم سے پیچھے ہٹتے دکھائی دیتے ہیں۔

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کی شکست کی وجوہات کیا رہی ہیں؟ 

امریکی نائب صدر وینس نے ناکامی پر کھل کر کہا ہے کہ ری پبلکنز کی شکست کی بنیادی وجہ ایران کے ساتھ جنگ ہے، جبکہ دوسری وجہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات رہے ہیں، جس کے باعث ری پبلکنز کو انتخابات 

میں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

اب بھی جے ڈی وینس اپنے طور پر ایران کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں تو دوسری طرف ان کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ نجی محفل میں ٹرمپ کو یہ مشورہ دیتے رہے ہیں کہ ایران کے ساتھ مزید جنگ کی بجائے معاہدے کی کوشش کریں، جسے ٹرمپ نے قبول نہیں کیا۔

🇺🇸 ڈیموکریٹس کی کامیابی — ٹرمپ کے لیے نیا امتحان

2026 کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی نے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے کانگریس میں ایک نئی سیاسی حقیقت پیدا کی ہے۔

مصنف کے مطابق بجٹ، قرض، تجارتی ٹیرف اور خارجہ پالیسی پر وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان کشمکش بڑھ سکتی ہے۔

تاہم ایوانوں کی نئی اکثریت آئندہ کانگریسی مدت شروع ہونے پر اپنی قانون سازی کی قوت استعمال کرے گی؛ انتخابی کامیابی فوری انتقالِ اختیار نہیں۔

ٹرمپ اب بھی اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے مسلسل یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر انہیں دوبارہ بھی موقع ملا تو وہ پھر ایران کے خلاف یہی قدم اٹھائیں گے اور کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ 

جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے جے ڈی وینس بھی اسی سوچ کے حامل ہیں لیکن اس کے باوجود وینس ایران کے خلاف جارحیت کے حامی نہیں ہیں۔

بہرحال اب صورتحال بدل چکی ہے اور کانگریس میں ڈیموکریٹس کی برتری کے بعد ٹرمپ کے لیے یہ آسان نہیں رہا کہ وہ جنگ کے متعلق اپنی من مانی کر سکیں۔ 

گو کہ ابھی بھی صدارتی اختیارات ان کے پاس ہی ہیں لیکن اب کانگریس کا کنٹرول نسبتاً زیادہ ہو گا اور ٹرمپ کانگریس کو بہرحال جوابدہ ہوں گے۔

🕊️ ایران پر امریکی سیاست — جنگ یا مذاکرات؟

کالم میں ایران کے خلاف جنگ کو ری پبلکنز کی سیاسی مشکلات کا مرکزی سبب قرار دیا گیا ہے۔

مصنف کے بیان کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس مذاکرات اور معاہدے کے حق میں نسبتاً نرم مؤقف رکھتے ہیں، جبکہ ٹرمپ اپنے سابق فیصلوں کا دفاع کرتے ہیں۔

یہ دعوے اور دونوں رہنماؤں کی نجی گفتگو سے متعلق بیانات کالم کی روایت ہیں؛ انہیں مستند براہِ راست اقتباس نہ سمجھا جائے۔

بجٹ، قرض، خارجہ پالیسی، ٹیرف اور تجارت وغیرہ جیسی پالیسیوں پر وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان سخت محاذ آرائی کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ سب سے اہم دونوں فریقین کے درمیان اگلے صدارتی انتخاب 2028ء کی انتخابی مہم کا بیانیہ ہو گا کہ کون اگلے صدارتی انتخاب میں مضبوط و مقبول بیانیہ بنا کر عوام کے سامنے آتا ہے۔

ان میں سے بجٹ اور قرض کے حوالے سے ممکنہ طور پر ٹرمپ سمجھوتہ کرتے دکھائی دیں گے، جبکہ دیگر معاملات میں ٹرمپ اپنے صدارتی اختیارات استعمال کرنے کی کوشش کریں گے اور کانگریس کی قدغنوں کو روکنے کی کوشش کریں گے، جس کے متعلق وہ خود کہہ چکے ہیں کہ وہ ’مسٹر ویٹو‘ کا کردار ادا کریں گے۔

سیاسی تبدیلیوں
کے باوجود
مشرقِ وسطیٰ
میں نئے
تصادم کا خطرہ

ٹرمپ کے مزاج کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ انتخابی معرکے کے دوران ٹرمپ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں مگر عوامی رائے سامنے آنے کے بعد اور قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے قوی امکان یہی دکھائی دیتا ہے کہ وہ ڈیموکریٹس کے ساتھ اپنے معاملات اور ورکنگ ریلیشن قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
بالکل ویسے ہی جیسے ظہران ممدانی کے نیویارک میئر انتخابات سے قبل دونوں کے درمیان سخت لفظی جنگ جاری رہی تھی مگر انتخابی نتائج کے بعد نہ صرف ٹرمپ نے ظہران ممدانی کو قبول کیا بلکہ ان کے ساتھ اچھے ورکنگ ریلیشنز بھی قائم ہیں۔
درحقیقت ترقی یافتہ، مہذب (کہنے کی حد تک یا اپنے اندرونی معاملات کی حد تک) اور جمہوریت پسند معاشروں کی یہی خوبصورتی ہے کہ وہ نہ صرف انتخابی عمل کو قدرے شفاف رکھتے ہیں بلکہ عوامی رائے کا احترام بھی کرتے ہیں، بلٹ کی بجائے بیلٹ کا احترام کرتے ہیں۔

⚖️ ٹرمپ بمقابلہ کانگریس — ٹکراؤ کہاں ہوگا؟

بجٹ اور قرض: فنڈنگ اور مالی فیصلوں میں سمجھوتے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ٹیرف اور تجارت: صدارتی اقدامات، قانون سازی اور عدالتی سوالات کے باعث اختلافات گہرے ہو سکتے ہیں۔

خارجہ پالیسی: ایران اور اسرائیل کے معاملے میں کانگریس کی نگرانی اور سیاسی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

ویٹو: ٹرمپ بعض مخالف قوانین کو روکنے کے لیے صدارتی ویٹو استعمال کر سکتے ہیں۔

رہی بات ٹرمپ کے مواخذے کی، تو یہ تھوڑا مشکل کام دکھائی دیتا ہے کہ جتنا آسان کہنا ہے، قانونی طور پر کرنا اتنا ہی مشکل نظر آتا ہے۔ 

گو کہ ڈیموکریٹس کو کانگریس میں برتری تو حاصل ہو چکی ہے لیکن ٹرمپ کے مواخذے میں جو بنیاد درکار ہے، اس کے موجود ہونے کے باوجود ایوان نمائندگان اور سینیٹ سے اس کی منظوری اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ری پبلکنز ارکان ڈیموکریٹس کا ساتھ نہ دیں۔

یہ بظاہر ممکن دکھائی نہیں دیتا کہ سینیٹ میں دو تہائی اکثریت سے ہی مواخذہ کامیاب ہو سکتا ہے اور یہ عددی برتری صرف ڈیموکریٹس کو حاصل دکھائی نہیں دیتی۔ 

لہٰذا مواخذہ ہونا ممکن دکھائی نہیں دیتا، البتہ دیگر امور پر ٹرمپ کی مشکیں کسنے یا انہیں من مانی کرنے سے روکا جا سکتا ہے۔

🏛️ کیا ٹرمپ کا مواخذہ ممکن ہے؟

امریکی ایوانِ نمائندگان سادہ اکثریت سے مواخذے کی کارروائی منظور کر سکتا ہے، لیکن عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں موجود ارکان کی دو تہائی حمایت درکار ہوتی ہے۔

اس لیے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کے باوجود صدر کو ہٹانا آسان نہیں ہوگا؛ اس کے لیے وسیع تر حمایت چاہئے۔

مصنف کے نزدیک مواخذے سے زیادہ عملی امکان کانگریسی نگرانی، سماعتوں اور پالیسی پر دباؤ کا ہے۔

اب ذرا اسرائیل کی صورتحال پر نظر دوڑائیں تو زیادہ امکانات اس بات کے ہیں کہ آج کے روز اسرائیلی صدر حکومت سازی کے لیے گادی آئزنکوٹ کو نامزد کریں گے کہ وہ اپنی حکومت کی تشکیل کریں، جس کے لیے انہیں 28 دن کی مدت دی جائے گی۔

حکومت سازی کے لیے صدر اسحاق ہرزوگ کے پاس گادی آئزنکوٹ کو 67 ارکان کی حمایت مل چکی ہے۔ 

ان 67 ارکان میں گادی آئزنکوٹ کے اپنے اتحاد کی 48 نشستیں اور عرب جماعتوں (جوائنٹ لسٹ اور رعام) کی 19 نشستیں شامل ہیں۔ 

اس طرح گادی آئزنکوٹ کو برتری مل چکی ہے اور ان ارکان نے ان کی حکومت بنانے کی حمایت کی ہے۔

🇮🇱 اسرائیل کا انتخابی حساب — اکثریت کس کے پاس؟

نیتن یاہو بلاک: 53 نشستیں۔

گادی آئزنکوٹ کا اتحادی بلاک: 48 نشستیں۔

عرب جماعتیں: 19 نشستیں۔

آئزنکوٹ کی نامزدگی کی حمایت میں 67 سفارشات سامنے آئیں، مگر حکومت قائم کرنے کے لیے عملی پارلیمانی اعتماد اور مستقل تعاون الگ چیلنج ہیں۔

لہٰذا اسرائیلی صدر اتوار، 8 نومبر کو آئزنکوٹ کو حکومت سازی کے لیے باضابطہ نامزد کریں گے، بشرطیکہ معاملات معمول کے مطابق رہیں۔ بصورت دیگر ممکنہ طور پر حکومت سازی کا عمل مؤخر ہو سکتا ہے، جس کی بنیادی وجہ ہنگامی صورتحال اور قومی سلامتی کا تحفظ ہو سکتا ہے۔

مگر سوال یہ ہے کہ ایسی صورتحال کیونکر ہو گی؟

اسرائیلی قانون کے مطابق حکومت سازی کے لیے ابتدائی طور پر 28 دن دیئے جاتے ہیں اور اس میں مزید 14 دن کی توسیع بھی ممکن ہے لیکن اگر فوری طور پر ملکی سلامتی، ہنگامی صورتحال یا جنگی صورتحال کا سامنا ہو جائے تو حکومت سازی کی بجائے اولین ترجیح قومی مفاد کو دی جاتی ہے، جو بالعموم دنیا بھر کی ریاستوں میں ہوتا ہے۔

اس کا ایک مظاہرہ اس وقت یوکرین میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زیلنسکی 

کی مدت ختم ہو چکی ہے لیکن چونکہ ملک جنگ سے دوچار ہے، لہٰذا یوکرین میں عام انتخابات مؤخر ہیں اور زیلنسکی ہی امور مملکت چلا رہے ہیں۔

اس کو ذہن میں رکھیں اور سوچیں کہ نیتن یاہو، جو بیک وقت کئی ایک مقدمات میں مطلوب ہے، کس وجہ سے اقتدار میں ٹھہر سکتا ہے؟

⏳ گادی آئزنکوٹ کو کتنی مہلت ہے؟

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے 7 نومبر 2026 کو گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی۔

اسرائیلی بنیادی قانون کے مطابق انہیں ابتدا میں 28 دن ملتے ہیں، اور صدر مجموعی طور پر مزید 14 دن کی توسیع دے سکتے ہیں۔

نئی حکومت تبھی قائم ہوتی ہے جب وہ کنیسٹ سے اعتماد حاصل کر لے؛ صرف نامزدگی حکومت بن جانے کے برابر نہیں۔

میری دانست میں اس کی ایک ہی وجہ دکھائی دیتی ہے کہ کسی طرح اسرائیل میں جنگی صورتحال پیدا ہو جائے۔ 

کیا نیتن یاہو اکیلا، امریکی اعتماد کے بغیر، ایران پر حملہ کر سکتا ہے یا ایران کے ساتھ سینگ پھنسا سکتا ہے؟

امریکہ کی عمومی روایت یہی رہی ہے کہ شکست خوردہ کو ہمیشہ کوڑے دان میں پھینک دیتا ہے لیکن کیا نیتن یاہو کے معاملے میں امریکہ ایسا کر سکتا ہے؟

بالخصوص ایپسٹین فائلز اور ٹرمپ کی اپنی خواہش کہ وہ ایران جنگ میں ناکامی کا لیبل اپنے ماتھے پر چسپاں نہیں کروانا چاہتا۔ 

گو کہ میدان جنگ اور مذاکرات کی میز پر اب تک امریکہ کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر پایا، اس کے باوجود ٹرمپ مسلسل اس امر کا اظہار کر رہے ہیں کہ وہ اپنے ایجنڈے کو نامکمل نہیں چھوڑیں گے۔

🤝 عرب جماعتوں کی حمایت — فیصلہ کن مگر پیچیدہ

جوائنٹ لسٹ اور رعام کی 19 نشستیں حکومت سازی کے حساب میں اہم حیثیت رکھتی ہیں۔

ان جماعتوں نے آئزنکوٹ کے نام کی سفارش کی ہے، لیکن سفارش کا مطلب یہ نہیں کہ وہ لازماً کابینہ یا باقاعدہ اتحاد میں شامل ہوں گی۔

اسی فرق کی وجہ سے نامزدگی میں سبقت کے باوجود مستحکم حکومت بنانے کی راہ مشکل بن سکتی ہے۔

دوسری طرف اسرائیل میں ابھی تک عبوری اقتدار بھی نیتن یاہو کے پاس ہی ہے اور اس عبوری اقتدار کے باوجود نیتن یاہو کے پاس کسی بھی ملک کے خلاف جنگ کرنے کے اختیارات بھی موجود ہیں، خواہ یہ جنگ ایران کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔

اس پس منظر میں نیتن یاہو اور ٹرمپ کی اسرائیلی انتخابات کے بعد ہونے والی فون کال کے حوالے سے یہ خبریں بھی آ چکی ہیں کہ دونوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہونے کے علاوہ جنگ کے متعلق بھی بات ہوئی ہے۔

گمان یہی رہا تھا کہ امریکہ اپنے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ کرے گا لیکن بوجوہ امریکہ نے ایران پر بڑا حملہ نہیں کیا۔ 

گو کہ اس دوران جزیرہ قشم پر کوشش کی تھی مگر اس کو وسیع پیمانے پر نہیں پھیلایا گیا۔

🚨 عبوری حکومت اور ہنگامی صورتحال

اسرائیلی قانون کے مطابق نئی حکومت کی تشکیل تک سبکدوش ہونے والی حکومت اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہتی ہے۔

مصنف اس صورتحال کو نیتن یاہو کے لیے ایک اہم سیاسی موقع قرار دیتے ہیں اور جنگی بحران کے ممکنہ اثرات پر سوال اٹھاتے ہیں۔

تاہم کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے حکومت سازی خودبخود معطل ہوجانا ثابت شدہ قانونی نتیجہ نہیں؛ اس کی الگ آئینی و عملی جانچ ضروری ہے۔

نیتن یاہو اگر ذاتی مفاد اور اقتدار کا سوچتے ہوئے ازخود ایران پر حملہ کرتے ہیں اور جوابی حملے کے بعد امریکہ اپنی روایت کے مطابق اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہو جاتا ہے، جس کو تقویت اس امر سے ملتی ہے کہ امریکہ نے اپنے اسلحہ ذخائر اس دوران اسرائیل منتقل کئے ہیں، تو اس صورت میں اسرائیل میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور نیتن یاہو عبوری حکومت کو طول دینے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

اس کے باوجود سوال یہ ہے کہ کیا یہ جنگ اتنی طوالت اختیار کر سکتی ہے کہ نیتن یاہو ایک طویل عرصے تک اقتدار پر قابض رہ سکیں؟

جبکہ امریکہ کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ مختصر مگر شدید حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

لہٰذا اس پس منظر میں، جب تک اسرائیل میں انتقالِ اقتدار ہو نہیں جاتا، یہ کہا جا سکتا ہے کہ خطرہ ابھی باقی ہے۔

✒
محمد مبشر انوار
دیگر کالم پڑھنے کے لیے کلک کریں
←