منیٰ؛ عبادت، راحت اور ذکر کا حسین امتزاج
عرفات میں وقوف، مزدلفہ میں شب بیداری اور قربانی کے بعد حاجی جب نہا دھوکر بیت اللہ کا طواف کرتا ہے تو اس کی ظاہری اور باطنی کیفیت بدل چکی ہوتی ہے۔
اس کے بعد منیٰ میں قیام دراصل روحانی سکون اور اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مزید استقامت کا مرحلہ ہے۔
ایامِ تشریق میں حجاج تینوں جمرات کی رمی کرتے، تکبیرات بلند کرتے اور اللہ تعالیٰ کو کثرت سے یاد کرتے ہیں۔
یہ دن امتِ مسلمہ کے اتحاد، اجتماعیت اور روحانی تربیت کا عظیم منظر پیش کرتے ہیں۔
دنیا کی زندگی اور ’احرام‘ کا تصور
اہلِ معرفت ایامِ حج سے ایک گہرا روحانی سبق بھی اخذ کرتے ہیں۔
ان کے نزدیک مومن کی پوری زندگی گویا ’احرام‘ کی حالت ہے، جس میں اسے خواہشاتِ نفس اور گناہوں سے بچتے رہنا ہوتا ہے۔
پھر موت کے بعد یہ پابندیاں ختم ہوجاتی ہیں اور اہلِ ایمان کیلئے ہمیشہ کی راحت اور اللہ تعالیٰ کی دائمی مہمانی شروع ہوجاتی ہے۔
اسی مفہوم کو بعض سلف نے یوں بیان کیا:
دنیا میں ایسے رہو جیسے روزہ دار، اور تمہارا افطار موت ہو۔
یعنی انسان دنیا میں صبر، تقویٰ اور نفس کی خواہشات سے بچتے ہوئے زندگی گزارے، تاکہ آخرت میں اللہ تعالیٰ کی دائمی نعمتوں کا مستحق بن سکے۔
منیٰ کے اجتماعات اور اسلام کا پیغام
زمانۂ جاہلیت میں بھی حج کے بعد منیٰ میں مختلف قبائل جمع ہوتے، اپنے آباء و اجداد کے کارنامے بیان کرتے اور فخر و مباہات کی محفلیں سجایا کرتے تھے۔
اسلام نے اس روایت کو ختم نہیں کیا بلکہ اس کی روح بدل دی۔
قرآنِ کریم نے حکم دیا:
جب تم حج کے ارکان ادا کرچکو تو اللہ کو اس طرح یاد کرو جیسے تم اپنے آباء و اجداد کو یاد کرتے تھے بلکہ اس سے بھی زیادہ۔
یوں اسلام نے منیٰ کے اجتماعات کو ذکرِ الٰہی، اتحادِ امت اور دعوتِ دین کا مرکز بنادیا۔
یہی وہ مقام تھا جہاں رسول اللہ ﷺ نے مختلف قبائل تک اسلام کا پیغام پہنچایا، اور یہی منیٰ بعد میں ہجرتِ مدینہ کی بنیاد بننے والے تاریخی ’بیعتِ عقبہ‘ کا گواہ بھی بنا۔