یورپی چیمپئن اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر شاندار انداز میں فائنل میں جگہ بنا لی۔
میکل اویارزابال اور پیڈرو پورو کے گولز نے ’لا روخا‘ کو تاریخی کامیابی دلائی، جبکہ دفاع نے کیلیان مباپے سمیت فرانس کے خطرناک حملے کو مکمل طور پر بے اثر کر دیا۔
یورپی چیمپئن اسپین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ وہ اس وقت دنیا کی سب سے متوازن اور منظم فٹبال ٹیموں میں شمار ہوتی ہے۔
آرلنگٹن کے ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں ’لا روخا‘ نے دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی اور دوسری عالمی ٹرافی کے خواب کو حقیقت کے مزید قریب پہنچا دیا۔
ابتدائی سیٹی کے ساتھ ہی اسپین نے گیند پر کنٹرول حاصل کر لیا اور اپنے مخصوص مختصر پاسنگ کھیل کے ذریعے فرانسیسی دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔
مزید پڑھیں
اسی دباؤ کا نتیجہ 22ویں منٹ میں ملا، جب لامین یامال پر باکس کے اندر ہونے والے فاؤل پر پنالٹی دی گئی، جسے میکل اویارزابال نے انتہائی اعتماد کے ساتھ گول میں تبدیل کرکے اسپین کو برتری دلا دی۔
فرانس کو اس سے قبل ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ چکا تھا۔
ایڈرین رابیو نویں منٹ میں پیلا کارڈ دیکھ چکے تھے، جبکہ دفاع
کے اہم کھلاڑی ولیم سلیبا انجری کے باعث کھیل جاری نہ رکھ سکے، جس پر کوچ دیدیے دیشان کو 30ویں منٹ میں میکسانس لاکروا کو میدان میں اتارنا پڑا۔
اسپین کے مارک کوکوریا کو بھی 31ویں منٹ میں انتباہ ملا، تاہم اس سے اسپین کی روانی متاثر نہ ہوئی۔
وقفے کے بعد توقع تھی کہ فرانس بھرپور ردعمل دے گا، لیکن حقیقت اس کے برعکس ثابت ہوئی۔
58ویں منٹ میں اسپین نے ایک شاندار مشترکہ حملہ ترتیب دیا، جہاں دانی اولمو کی خوبصورت پاس پر پیڈرو پورو نے گیند کو جال میں پہنچا کر اسکور 2-0 کر دیا۔
یہ گول دراصل میچ کا فیصلہ ثابت ہوا اور فرانس کی واپسی کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں۔
GOAL!
— beIN SPORTS (@beINSPORTS_EN) July 14, 2026
Mikel Oyarzabal emphatically fires La Roja ahead from the penalty spot!
🇫🇷 France 0-1 Spain 🇪🇸#FIFAWorldCup | #Spain pic.twitter.com/TUWWd5NNt0
اس کے بعد دیشان نے یکے بعد دیگرے ڈیزائری ڈوئے، تھیو ہرنانڈیز اور ریان شرقی کو میدان میں اتار کر حملہ تیز کرنے کی کوشش کی، مگر اسپین کی دفاعی لائن غیر معمولی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتی رہی۔
دوسری جانب اسپین نے بھی فیران ٹوریس، میکل میرینو، پیڈری، مارکوس یورینتے اور نیکو ولیمز کو میدان میں لا کر ٹیم کی رفتار اور توازن برقرار رکھا۔
میچ کے آخری لمحات میں فرانس کی بے بسی اس وقت نمایاں ہوئی جب کیلیان مباپے کو 86ویں منٹ میں پیلا کارڈ دکھایا گیا۔ وی اے آر نے بھی ایک موقع پر تھیو ہرنانڈیز کے خلاف واقعے کا جائزہ لیا، لیکن ریفری نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا اور کھیل بغیر کسی تبدیلی کے جاری رہا۔
GOAL!
— beIN SPORTS (@beINSPORTS_EN) July 14, 2026
Pedro Porro plays a brilliant one-two with Dani Olmo before doubling La Roja’s lead! Spain can almost taste the final...
🇫🇷 France 0-2 Spain 🇪🇸#FIFAWorldCup | #Spain pic.twitter.com/xmaGxOf6Mr
دفاع اور حملے دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پیڈرو پورو کو 7.99 ریٹنگ کے ساتھ مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ان کا دوسرا گول فرانس کے لیے فیصلہ کن ضرب ثابت ہوا۔
یہ اسپین کی ٹورنامنٹ میں 7 میچوں کے دوران چھٹی کلین شیٹ تھی۔
پوری مہم میں ’لا روخا‘ نے صرف ایک گول کھایا ہے، جو اس کے مضبوط دفاع، بہترین تنظیم اور اجتماعی کھیل کا واضح ثبوت ہے۔
یہی توازن اب اسے عالمی چیمپئن بننے کا مضبوط امیدوار بھی بنا رہا ہے۔
اب اسپین کی نظریں اتوار کو نیو جرسی کے ایسٹ ردرفورڈ میں ہونے والے فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں اس کا مقابلہ ارجنٹائن یا انگلینڈ میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔
اگر اسپین کامیاب رہا تو وہ 2010 کے بعد اپنی تاریخ کا دوسرا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم بن جائے گی، اور یوں یورپی چیمپئن کے بعد عالمی تاج بھی اپنے نام کر لے گی۔
دوسری جانب دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب پورا نہ کر سکی۔
کوچ دیدیے دیشان کی قیادت میں ٹیم اس مرتبہ اپنی روایتی جارحیت اور تخلیقی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی، جبکہ کیلیان مباپے بھی اسپین کے منظم دفاع کے سامنے بے اثر دکھائی دیے۔
اب فرانس کو ٹورنامنٹ کا اختتام تیسرے نمبر کے میچ کے ذریعے کرنا ہوگا۔