خالد نواز چیمہ
جدہ
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی اور عصری علوم کا حصول پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر پاکستان کو عالمی سطح پر مضبوط اور خود مختار بنانا ہے تو ہمیں علم، تحقیق اور جدت کے میدان میں سبقت حاصل کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ میں یومِ پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کا اہتمام وزیر اعظم یوتھ ونگ کے فوکل پرسن ملک منظور اعوان نے کیا تھا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلح افواج جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرحدوں کی محافظ ہیں۔
انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔
احسن اقبال نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے پاک، سعودی تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ باہمی اعتماد اور لازوال اخوت پر مبنی ہے۔
تقریب سے رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا، شرجیل راؤ، خواجہ محمد اسلام، رانا محمد اشرف، سابق ایم پی اے چوہدری اشرف وڑائچ، میزبان ملک منظور اعوان اور عبدالخالق لک نے بھی خطاب کیا۔
وفاقی وزیر عمرہ کی ادائیگی کے بعد خصوصی طور پر اس تقریب میں شریک ہوئے، جسے کمیونٹی نے بے حد سراہا۔