خالد نواز چیمہ
جدہ
سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں واقع قونصلیٹ میں یومِ پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتی عملہ، مسلح افواج کے افسران، خواتین، مرد اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب میں قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی اور اس موقع پر اتحاد و یکجہتی کے پیغام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانانِ برصغیر نے قراردادِ پاکستان پیش کرکے آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔
ہمارے بزرگوں کی جد و جہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔
آج کا دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم اپنی ذمہ داریوں کو مشترکہ طور پر نبھائیں، باہمی اتحاد کو فروغ دیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں۔
قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے پاک، سعودی برادرانہ تعلقات میں دفاعی معاہدہ کو اہم قرار دیتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے لئے خوش آئند قرار دیا۔
تقریب کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔