براہ راست نشریات

حرمین کے خطبات: دین پر ثابت قدمی اور اولاد کی تربیت پر زور

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
حرمین شریفین کے خطبات
دین پر ثابت قدمی مومن کا سب سے بڑا سرمایہ ہے (فوٹو: @wmngovsa)

حرمین شریفین کے خطبات میں مسلمانوں کو فتنوں کے دور میں دین پر ثابت قدم رہنے، قرآن و سنت سے وابستگی مضبوط کرنے اور اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی گئی۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے ائمہ نے خطبۂ جمعہ میں مسلمانوں کو دین پر ثابت قدم رہنے، قرآن و سنت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے اور اولاد کی اسلامی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی ہے۔

مسجد الحرام کے امام و خطیب الشیخ ڈاکٹر بندر بلیلہ نے کہا کہ اللہ کے دین پر ثابت قدم رہنا مومن کا دنیا میں سب سے بڑا سرمایہ اور آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے۔ 

وقت گزرنے کے ساتھ فتنے، شبہات، خواہشات اور دین سے غافل کرنے والی مصروفیات بڑھ رہی ہیں، ایسے حالات میں ایمان کی حفاظت ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں

انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی نبی کریمﷺ کے فرمان کا حوالہ دیا کہ انسانوں پر ایسا زمانہ آتا رہے گا جس کے بعد آنے والا وقت پہلے سے زیادہ آزمائشوں کا حامل ہوگا۔

شیخ بندر بلیلہ نے اپنے خطبے میں کہا کہ مومن کے لیے سب سے بڑی مصیبت مال یا رزق میں کمی نہیں بلکہ دین میں فتنہ اور یقین کا متزلزل ہونا ہے۔ 

اسی لیے نبی کریمﷺ دعا فرمایا کرتے تھے: اے اللہ! ہماری مصیبت ہمارے دین میں نہ بنانا۔

45464665
فتنوں اور شبہات سے ایمان کی حفاظت پر زور (فوٹو: @wmngovsa)

انہوں نے دین پر ثابت قدم رہنے کے لیے اللہ سے دعا، قرآن کریم کی تلاوت، اس کی آیات میں تدبر، معانی کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کو بنیادی ذرائع قرار دیا۔

 انہوں نے انبیاء، صحابہ اور صالحین کی زندگیوں سے سبق حاصل کرنے، مسلمانوں کی جماعت سے وابستہ رہنے، اختلاف و تفرقے سے بچنے اور شبہات و نفسانی خواہشات کے ماحول سے دور رہنے کی بھی تاکید کی۔

دوسری جانب مسجد نبوی کے امام و خطیب فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالمحسن القاسم نے اپنے خطبے میں اولاد کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور والدین کے پاس امانت قرار دیا۔

Untitled 10
بچوں میں توحید، نماز اور اچھے اخلاق پیدا کرنے کی تاکید (فوٹو: @wmngovsa)

انہوں نے کہا کہ بچوں کی حقیقی کامیابی اچھی تربیت، صحیح عقیدے، اعلیٰ اخلاق اور کتاب و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کی تعلیم میں ہے۔ 

والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے دلوں میں توحید اور ایمان راسخ کریں، انہیں قرآن سکھائیں، نماز کا عادی بنائیں اور ہر معاملے میں اللہ تعالیٰ پر بھروسا کرنا سکھائیں۔

امام مسجد نبوی نے کہا کہ بچوں کے ساتھ محبت، شفقت اور حسن سلوک بھی تربیت کا بنیادی حصہ ہے۔ 

نبی کریمﷺ بچوں سے محبت سے پیش آتے، انہیں آداب سکھاتے اور ان کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی فرماتے تھے۔

54564564

انہوں نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ بچوں کی صلاحیتوں کو پہچانیں، ان میں عزم اور بلند ہمتی پیدا کریں اور ان کے حق میں مسلسل دعا کرتے رہیں۔ 

نیک اولاد نہ صرف والدین کے لیے دنیا میں آنکھوں کی ٹھنڈک ہے بلکہ ان کے انتقال کے بعد بھی دعا اور نیکی کے ذریعے فائدہ پہنچاتی ہے۔

شیخ عبدالمحسن القاسم نے واضح کیا کہ اولاد کی تربیت ماں اور باپ دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ 

انہوں نے والدین کو تربیت کے سفر میں صبر اختیار کرنے، بچوں کی اصلاح سے مایوس نہ ہونے اور غصے میں ان کے خلاف بددعا کرنے سے بچنے کی تلقین کی۔

654645456
قرآن کی تلاوت، تدبر اور عمل کی تلقین (فوٹو: @wmngovsa (

حرمین شریفین کے دونوں خطبات کا مرکزی پیغام یہی تھا کہ بدلتے اور آزمائشوں سے بھرے دور میں ایمان کی حفاظت اور نئی نسل کی درست دینی و اخلاقی تربیت ایک مضبوط مسلمان خاندان اور معاشرے کی بنیاد ہے۔

حرمین شریفین، حج اور عمرہ کی مزید خبروں کے لئے کلک کریں