ادا کرتے ہیں اور جہاں پہنچنے کی آرزو ہر مومن اپنے دل میں بسائے رکھتا ہے۔
جب ایک مسلمان حج کی نیت سے اپنے گھر سے روانہ ہوتا ہے تو اس کے دل میں ایک نئی کیفیت جنم لیتی ہے۔
وہ سفر سے پہلے دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں سے معافی طلب کرتا ہے، دلوں کی دوریاں ختم کرتا ہے اور محبتیں سمیٹ کر اللہ کے گھر کی جانب روانہ ہوتا ہے۔
گویا حج کا سفر گھر سے نہیں بلکہ دل کی اصلاح سے شروع ہوتا ہے۔ یہ انسان کو عاجزی، انکساری اور اخلاقی پاکیزگی کا سبق دیتا ہے۔
پھر جب حاجی میقات پر پہنچتا ہے تو وہ اپنی دنیاوی حیثیت، ظاہری شان و شوکت اور امتیازات کو پیچھے چھوڑ کر احرام کی دو سفید چادریں زیبِ تن کر لیتا ہے۔
یہاں بادشاہ اور مزدور، امیر اور غریب، سب ایک ہی صف میں کھڑے نظر آتے ہیں۔
احرام انسان کو یہ پیغام دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سامنے سب برابر ہیں۔
یہ سفید لباس انسان کو موت، آخرت اور اپنے انجام کی یاد بھی دلاتا ہے۔
’لبیک اللہم لبیک‘ کی صداؤں کے درمیان جب لاکھوں فرزندانِ اسلام بیت اللہ کا طواف کرتے ہیں تو یہ منظر محبت، اطاعت اور بندگی کی اعلیٰ ترین تصویر بن جاتا ہے۔
طواف محض ایک ظاہری عمل نہیں بلکہ اپنے رب کے حکم کے سامنے مکمل سپردگی اور اطاعت کا اعلان ہے۔
بندہ اپنی خواہشات سے بلند ہو کر اللہ کی رضا کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیتا ہے۔
صفا اور مروہ کے درمیان سعی حضرت ہاجرہؑ کی عظیم قربانی، صبر اور اللہ پر یقین کی یاد تازہ کرتی ہے۔
ایک ماں کی اپنے بچے کے لیے جدوجہد کو اسلام نے رہتی دنیا تک عبادت کا حصہ بنا دیا۔ یہ عمل انسان کو امید، صبر اور توکل کا درس دیتا ہے۔
منیٰ، عرفات اور مزدلفہ حج کے وہ مراحل ہیں جو انسان کو اپنی حقیقت سے آشنا کرتے ہیں۔ رمیِ جمرات برائی، گناہ اور شیطانی وسوسوں سے نفرت کا اعلان ہے۔
میدانِ عرفات انسان کو یومِ حشر یاد دلاتا ہے، جب ہر شخص اپنے رب کے حضور کھڑا ہوگا۔
وہاں بہنے والے آنسو، دعائیں اور توبہ انسان کی روح کو نئی زندگی عطا کرتے ہیں۔
مزدلفہ انسان کو عاجزی، شکر اور اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ سکھاتا ہے۔