کویت پٹرولیم کارپوریشن نے بتایا ہے کہ کویت کی دیوہیکل آئل ٹینکر ’السالمی‘ کو منگل کی صبح دبئی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کے دوران براہِ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔
کویتی خبر رساں ایجنسی ’کونا‘ کے مطابق حملے کو ایرانی قرار دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
ادارے نے کہا ہے کہ حادثے کے وقت ٹینکر مکمل طور پر تیل سے بھرا ہوا تھا جبکہ حملے کے باعث پانی میں تیل رسنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ دبئی کے پانی میں کویتی آئل ٹینکر سے ڈرون ٹکرانے کے واقعے پر فوری ردعمل دیا گیا اور جہاز کے 24 رکنی عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بحری فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور بعد ازاں اسے مکمل طور پر بجھا دیا گیا۔