ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے آج جدہ میں ایک سہ فریقی اجلاس منعقد کیا ہے جس میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور اردن کے فرمانراو شاہ عبد اللہ دوم نے شرکت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اجلاس کے دوران خطے کی تازہ صورتحال، جاری فوجی کشیدگی کے اثرات، بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی اور توانائی کی فراہمی کے تحفظ کو درپیش خطرات، اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے ساتھ ساتھ خطے کے امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں میں ہم آہنگی پر بھی زور دیا گیا۔
تینوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور اردن پر ایران کے مسلسل حملے اور اہم و شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا خطرناک اشتعال انگیزی ہے جو خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
اجلاس کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور اردن کے شاہ عبد اللہ دوم جدہ سے روانہ ہوگئے جنہیں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الوداع کیا۔