سید مسرت خلیل
جدہ
جدہ میں منعقدہ انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کے فائنل میں ایم وائی ڈی ایف سلطان نے جرنلسٹس فورم کرکٹ کلب کا 56 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
عمران امین مین آف دی سیریز جبکہ عزیر عقیل مین آف دی فائنل قرار پائے۔
میمن یوتھ ڈویلپمنٹ فورم اور میمن لیڈرشپ فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں ایم وائی ڈی ایف سلطان نے جرنلسٹس فورم کرکٹ کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
ٹورنامنٹ نیٹ المریخ جدہ گراؤنڈ پر فلڈ لائٹس میں کھیلا گیا، جس سے شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد لطف اندوز ہوئی۔
مقابلوں میں جدہ کی سافٹ بال کرکٹ کی 5 نمایاں ٹیموں جو رائل، سلطان، ٹائیگرز، جرنلسٹس فورم اور میمن اسٹارز نے شرکت کی۔
ٹورنامنٹ کے دوران تمام ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا اور بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیا۔
تمام میچز غیر جانب دار امپائرز کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جبکہ لیگ مرحلے میں کئی سنسنی خیز اور یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے۔
مزید پڑھیں
میچز کے دوران محمد شاہد نے اپنے منفرد اور دلکش اندازِ کمنٹری سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
جاوید خیرانی نے ٹورنامنٹ کی بہترین ویڈیو گرافی کرکے داد و تحسین حاصل کی اور مقابلوں کے یادگار لمحات کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل ایم وائی ڈی ایف سلطان اور جرنلسٹس فورم کرکٹ
کلب کے درمیان کھیلا گیا۔
جرنلسٹس فورم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 55 رنز بنائے۔
جواب میں سلطان نے مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمانانِ گرامی سراج آدم جی، اقبال ایدوانی اور کبیر میمن نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی محنت، تعاون اور مشترکہ کوششوں کو سراہا۔
کلیم جیت، خالد تنوما، عمران مسقطیہ اور فیصل تائی نے فاتح ٹیم کے کپتان عمران امین کو ٹرافی پیش کی اور کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔
اس موقع پر سراج آدم جی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
شاندار کارکردگی پر سلطان کے کپتان عمران امین کو مین آف دی سیریز جبکہ عزیر عقیل کو مین آف دی فائنل قرار دیا گیا۔
جرنلسٹس فورم کرکٹ کلب کے کپتان جہانگیر خان اور شعیب الطاف نے منتظمین کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد دی۔
انہوں نے منتظمین کی شاندار کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ جرنلسٹس فورم مستقبل میں بھی ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
اختتامی تقریب میں میڈیا نمائندگان کے علاوہ میمن بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ممتاز سماجی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے ٹورنامنٹ کو ایک کامیاب مشترکہ کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ نے کھیل، باہمی تعاون، بھائی چارے اور کمیونٹی کے مختلف حلقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی خوب صورت مثال پیش کی۔
تقریب کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں، مہمانوں اور شرکاء کی بریانی ہاؤس کی لذیذ بریانی سے تواضع کی گئی۔