خالد نواز چیمہ
جدہ
جدہ میں اسکانکم کمپنی کے زیرِ اہتمام دو روزہ قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کا رنگا رنگ افتتاح ہوگیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان قونصلیٹ جدہ سمیت 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، صحافیوں، کھلاڑیوں اور ٹیم مالکان نے شرکت کی، جبکہ خواتین کے کھانے، پینٹنگز اور ثقافتی اشیاء کے اسٹالز بھی توجہ کا مرکز بنے۔
یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں اسکانکم کمپنی کے زیرِ اہتمام دو روزہ قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود احمد پوری تھے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات، صحافیوں، ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے مالکان، کپتانوں اور کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر اسکانکم کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظم آزادی کپ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، کھیلوں کو فروغ دینا اور پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد، بھائی چارے اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
مہمانِ خصوصی مسعود احمد پوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے اسکانکم اور ٹورنامنٹ انتظامیہ کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مقابلے نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ یومِ آزادی کے جذبے کو بھی اجاگر کرتے ہیں اور کمیونٹی میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیتے ہیں۔
تقریب کے دوران آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان انجینئر عبدالمتین اور انجینئر سید جعفر نے ٹورنامنٹ میں شریک 8 ٹیموں کا مہمانوں سے تعارف کروایا، جس کے بعد مہمانوں نے افتتاحی کیک کاٹ کر ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 میں پاکستان قونصلیٹ جدہ کی ٹیم سمیت مجموعی طور پر 8 مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں سابق مشیر برائے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چیئرمین مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چوہدری اکرم گجر، جنرل سیکرٹری پاکستان انویسٹرز فورم مہر عبدالخالق لک، ممتاز کاروباری شخصیات عنصر اقبال مغل، چوہدری مبشر افضل چیمہ اور دیگر نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت پاکستانی خواتین کی جانب سے لگائے گئے کھانے پینے، پینٹنگز اور دیگر قومی و ثقافتی اشیاء کے اسٹالز تھے، جنہوں نے یومِ آزادی کی تقریبات کو مزید رنگا رنگ، پُرجوش اور دلکش بنا دیا۔