کویتی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود العطوان نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 دشمن ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں ناکارہ بنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان میں سے بعض ڈرونز نے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ریڈار سسٹم کو شدید نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر ناصر بوصلیب کے مطابق اسپیشل فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ڈرونز کو کامیاب کارروائیوں کے ذریعے مار گرایا، جبکہ سکیورٹی اداروں نے اسی دوران گرنے والے ملبے سے متعلق 9 واقعات سے نمٹا ہے جس کے بعد ایسے واقعات کی مجموعی تعداد 588 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب کویت کی فائر فورس کے ترجمان بریگیڈیئر محمد الغریب نے بتایا کہ کویت ایئرپورٹ کے فیول ٹینکوں میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، جو دشمن ڈرون حملے کے باعث بھڑکی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے کی کارروائیاں مسلسل 58 گھنٹے جاری رہیں جبکہ ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک 82 غیر معمولی واقعات، جن میں ملبے سے لگنے والی آگ اور براہِ راست حملے شامل ہیں، سے نمٹا جا چکا ہے۔