جی سی سی سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ موجودہ بحران کے حل کے لیے ہونے والی کسی بھی بات چیت یا معاہدوں میں خلیجی ممالک کو شامل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی سلامتی کا تقاضا ہے کہ اس کے ممالک مذاکراتی عمل میں براہِ راست شریک ہوں۔
العربیہ کے مطابق البدیوی نے کہا کہ خلیجی ممالک دھوکہ دہی کے تسلسل اور جارحیت کو جھوٹے جوازوں میں لپیٹنے کو قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے خلیجی ممالک کے خلاف وسیع حملے کیے ہیں، جن میں 5 ہزار سے زائد میزائل اور ڈرون شامل ہیں اور ان اقدامات کو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
البديوي نے ایرانی حملوں کے حوالے سے سفیروں اور سفارتی مشن کے نمائندوں کو دی گئی جامع بریفنگ میں کہا کہ وہ ایرانی جارحیت کے باوجود صبر و ضبط کا اعلیٰ درجے کا مظاہرہ کر رہے ہیں مگر انہوں نے ردعمل دینے سے گریز کیا تاکہ تنازعہ کے دائرے میں وسعت نہ آئے۔