کویت کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر ناصر بوصلیب نے دہشت گرد منصوبہ ناکام بنانے اور حزب اللہ نامی کالعدم تنظیم سے منسلک ایک نیٹ ورک کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بریگیڈیئر بوصلیب نے وضاحت کی کہ گرفتار شدہ نیٹ ورک میں 5 کویتی شہری اور ایک غیر کویتی شخص شامل ہے جس کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے جبکہ ملک سے باہر موجود 14 مفرور ملزمان کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
ان میں 5 کویتی شہری، 5 غیر کویتی افراد (جن کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے)، دو ایرانی شہری اور دو لبنانی شہری شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا ہے تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ یہ عناصر حزب اللہ نامی کالعدم دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نیٹ ورک ریاست کی اہم شخصیات اور قیادت کو نشانہ بنا کر قتل کی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور اس مقصد کے لیے افراد کی بھرتی بھی کی جا رہی تھی۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے جاسوسی، تنظیم میں شمولیت اور دیئے
گئے اہداف پر عملدرآمد کے لیے آمادگی کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ ریاستی شخصیات کے قتل اور ملک کے اعلیٰ مفادات کو نقصان پہنچانے کے لیے تیار تھے، اور انہیں کویت سے باہر تنظیم کے عناصر اور قیادت کے ہاتھوں جدید عسکری تربیت دی گئی تھی۔
اس تربیت میں ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا استعمال، نگرانی کے طریقے اور قتل کی مہارتیں شامل تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ اس نیٹ ورک یا کسی بھی دیگر دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو گرفتار کیا جا سکے۔