شہاب الدین قاسمی ثاقب
الخبر
رسول اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ میں صدق، امانت اور دیانت بنیادی اخلاقی اوصاف کے طور پر نمایاں ہیں۔
نبوت سے پہلے ہی اہلِ مکہ آپﷺ کو صادق اور امین کہتے تھے، جبکہ اعلانِ نبوت کے بعد شدید مخالفت کے باوجود کوئی آپﷺ کی راست گوئی اور امانت داری پر معتبر اعتراض نہ کرسکا۔
ہجرتِ مدینہ کے وقت دشمنوں کی امانتیں واپس کرنے کا انتظام اس کردار کی عظیم ترین مثالوں میں شمار ہوتا ہے۔
1/3
ربیع الاول کا مہینہ آتے ہی دنیا بھر میں رسول اکرمﷺ سے محبت و عقیدت کے اظہار کے لیے مختلف پروگرام منعقد ہوتے ہیں۔
حضور اکرمﷺ کی حیاتِ مبارکہ پر صدیوں سے لکھا جا رہا ہے، لیکن سیرتِ طیبہ کا سمندر ایسا وسیع ہے کہ اس کے تمام پہلوؤں کا احاطہ ممکن نہیں۔
اللہ تعالیٰ نے رسول اکرمﷺ کی زندگی کو پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا۔
آپﷺ کی سیرت میں عبادات، معاملات، معاشرت، قیادت اور اخلاق سمیت زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی موجود ہے۔
ان روشن صفات میں صدق، امانت اور دیانت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
◆ OVERSEAS POST | SEERAT SPECIAL صدق، امانت اور دیانت — اہم نکات ⌄
- ✓رسول اکرم ﷺ کو نبوت سے پہلے ہی اہلِ مکہ صادق اور امین کے لقب سے جانتے تھے۔
- ✓شدید مخالفت کے باوجود دشمن بھی آپ ﷺ کی راست گوئی کا انکار نہ کرسکے۔
- ✓کوہِ صفا پر قریش نے اجتماعی طور پر گواہی دی کہ انہوں نے آپ ﷺ کو ہمیشہ سچا پایا ہے۔
- ✓اہلِ مکہ اپنی قیمتی امانتیں رسول اکرم ﷺ کے پاس رکھواتے تھے۔
- ✓ہجرت کے وقت بھی مخالفین کی امانتیں ان کے اصل مالکوں تک واپس پہنچانے کا انتظام فرمایا گیا۔
صدق و سچائی
کسی بھی انسان کے کردار کا سب سے بڑا معیار اس کی سچائی ہے۔
سچ انسان کو اعتماد، عزت اور سکون عطا کرتا ہے، جبکہ جھوٹ وقتی فائدہ پہنچانے کے باوجود بالآخر رسوائی اور نقصان کا سبب بنتا ہے۔
مزید پڑھیں
رسول اکرمﷺ کی پوری زندگی صدق و سچائی کی روشن مثال تھی۔
بعثت سے پہلے بھی مکہ کے لوگ آپﷺ کو صادق اور امین کے نام سے جانتے تھے۔
آپﷺ کی راست گوئی کا یہ عالم تھا کہ سخت ترین مخالف بھی آپﷺ کو جھوٹا قرار دینے کی ہمت نہیں رکھتے تھے۔
جب رسول اکرمﷺ نے کوہِ صفا پر قریش کو جمع کرکے دعوتِ اسلام کا
آغاز کیا تو ان سے پوچھا کہ اگر میں تمہیں بتاؤں کہ پہاڑ کے پیچھے دشمن کا لشکر موجود ہے تو کیا تم میری بات مانو گے؟
سب نے جواب دیا کہ ہم نے آپ کو ہمیشہ سچا پایا ہے۔
یہ گواہی ان لوگوں کی تھی جو کچھ ہی دیر بعد آپﷺ کی دعوت کی مخالفت کرنے والے تھے۔
یعنی اختلافِ عقیدہ اور سیاسی مخالفت کے باوجود آپﷺ کے کردار اور سچائی کا انکار ممکن نہیں تھا۔
آپﷺ کے سخت ترین مخالفین بھی نجی گفتگو میں اس حقیقت کا اعتراف کرتے تھے کہ محمدﷺ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔
دراصل ان کی مخالفت کی بنیاد سچائی سے انکار نہیں بلکہ قبائلی رقابت، طاقت اور مفادات تھے۔
i OVERSEAS POST | FACT BOX سیرتِ نبوی ﷺ — فیکٹ باکس ⌄
- معروف القاب
- صادق، امین
- بنیادی صفت
- صدق و سچائی
- معاملات کا اصول
- امانت و دیانت
- کوہِ صفا
- قریش نے آپ ﷺ کی راست گوئی کی گواہی دی
- ہجرتِ مدینہ
- لوگوں کی امانتیں واپس کرنے کا انتظام
- تجارتی زندگی
- دیانت، اعتماد اور حسنِ معاملہ
- مرکزی سبق
- سچائی اور امانت صرف الفاظ نہیں بلکہ مسلمان کے پورے کردار کی بنیاد ہیں۔
سیرت کا ایک مشہور واقعہ بھی رسول اکرمﷺ کی اخلاقی قوت کی تصویر پیش کرتا ہے۔
ایک شخص نے ابو جہل سے سامان یا جانور کی قیمت وصول کرنی تھی، مگر وہ ادائیگی میں ٹال مٹول کر رہا تھا۔
جب معاملہ آپﷺ کے پاس آیا تو آپﷺ اس شخص کے ساتھ ابو جہل کے پاس گئے اور حق ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس نے فوری طور پر رقم ادا کر دی۔
یہ واقعہ بتاتا ہے کہ سچائی انسان کی شخصیت میں ایسا وزن اور وقار پیدا کرتی ہے جس کے سامنے مخالف بھی جھکنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
امانت و دیانت
رسول اللہﷺ کے اخلاقِ مبارکہ کا دوسرا نمایاں پہلو امانت داری تھا۔
مکہ کے لوگ آپﷺ پر اتنا اعتماد کرتے تھے کہ اپنی قیمتی امانتیں بھی آپ کے پاس رکھواتے تھے۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جب اعلانِ نبوت کے بعد یہی لوگ آپﷺ کی مخالفت کرنے لگے، اذیتیں دیں اور قتل تک کی سازشیں کیں، تب بھی اپنی امانتوں کے لیے انہیں سب سے زیادہ قابلِ اعتماد شخصیت رسول اکرمﷺ ہی نظر آتے تھے۔
◎ OVERSEAS POST | WHY IT MATTERS یہ سیرت ہمارے لیے کیوں اہم ہے؟ ⌄
رسول اکرم ﷺ کی سچائی اور امانت داری صرف تاریخی واقعات نہیں، بلکہ آج کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے عملی اصول ہیں۔
ہجرتِ مدینہ کے موقع پر اس کردار کی ایک بے مثال تصویر سامنے آتی ہے۔
دشمن آپﷺ کے گھر کا محاصرہ کئے ہوئے تھے، آپﷺ اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور تھے، لیکن اس حالت میں بھی آپﷺ کو لوگوں کی امانتوں کی فکر تھی۔
چنانچہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو مکہ میں اس لیے ٹھہرایا گیا کہ تمام امانتیں ان کے اصل مالکوں تک واپس پہنچا دی جائیں۔
یہ ایسا اخلاقی معیار ہے جس کی مثال تاریخ میں مشکل سے ملتی ہے کہ جو لوگ جان کے دشمن ہوں، ان کے مال اور امانت کی حفاظت بھی پوری دیانت سے کی جائے۔
نبوت سے قبل رسول اکرمﷺ تجارت سے وابستہ رہے اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا تجارتی مال لے کر بھی سفر کیا۔
اس تجارت میں آپﷺ کی غیر معمولی دیانت، محنت اور حسنِ معاملہ نے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو بہت متاثر کیا۔
پہلی وحی کے بعد جب آپﷺ نے اپنی کیفیت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے بیان کی تو انہوں نے آپﷺ کے بلند اخلاق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہرگز ضائع نہیں کرے گا، کیونکہ آپ صلہ رحمی کرتے ہیں، ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں اور حق کا ساتھ دیتے ہیں۔
✓! OVERSEAS POST | SELF CHECK سیرت کا سبق — آج ہمارا امتحان ⌄
نبوی اصول
- ہر حال میں سچ بولنا
- امانت اس کے مالک تک پہنچانا
- معاملات میں دیانت اختیار کرنا
- دوسروں کے اعتماد کی حفاظت کرنا
- مشورہ دیتے وقت خیرخواہی کرنا
ہم خود سے پوچھیں
- کیا ہماری زبان ہمیشہ سچ کی پابند ہے؟
- کیا ہمارے کاروباری معاملات شفاف ہیں؟
- کیا ہم ملازمت میں وقت اور ذمہ داری کا حق ادا کرتے ہیں؟
- کیا ہم دوسروں کے راز محفوظ رکھتے ہیں؟
- کیا اختلاف کے باوجود امانت میں خیانت نہیں کرتے؟
اصل محبتِ رسول ﷺ صرف اظہارِ عقیدت نہیں؛ اپنے کردار کو نبوی اخلاق کے مطابق ڈھالنا بھی اس محبت کا بنیادی تقاضا ہے۔
اسلام نے امانت کا تصور صرف مال تک محدود نہیں رکھا۔
کسی نے آپ کو اپنا راز بتایا تو وہ بھی امانت ہے۔
کسی نے آپ سے مشورہ مانگا تو آپ اس کے بھی امین ہیں۔ کسی نے آپ کو کوئی ذمہ داری دی تو اسے پوری دیانت سے ادا کرنا بھی امانت ہے۔
ملازمت، تجارت، سرکاری عہدہ، صحافت، تعلیم، سیاست اور گھریلو زندگی—ہر جگہ امانت و دیانت بنیادی اسلامی اصول ہیں۔
آج ہمارے لیے پیغام
ہم اس نبیﷺ کی امت ہیں جس کی راست گوئی کا اعتراف دشمن بھی کرتے تھے اور جس کی امانت داری پر مخالف بھی اعتماد کرتے تھے۔
آج ہمیں خود سے سوال کرنا چاہئے کہ کیا ہماری زبان سچائی کی پابند ہے؟
کیا ہمارے کاروباری معاملات شفاف ہیں؟
کیا ملازمت اور ذمہ داری میں ہم امانت کا حق ادا کرتے ہیں؟
کیا دوسروں کے راز اور اعتماد کی حفاظت کرتے ہیں؟
1′ OVERSEAS POST | QUICK READ ایک منٹ میں پوری کہانی ⌄
رسول اکرم ﷺ کی زندگی کا نمایاں وصف صدق و سچائی تھا۔ نبوت سے پہلے ہی اہلِ مکہ آپ ﷺ کو صادق اور امین کے لقب سے جانتے تھے۔
دعوتِ اسلام کے بعد مخالفت شدید ہوگئی، مگر مخالفین بھی آپ ﷺ کی راست گوئی اور دیانت کا انکار نہ کرسکے اور اپنی امانتیں آپ ﷺ کے پاس رکھتے رہے۔
ہجرت کے وقت بھی ان امانتوں کو مالکوں تک واپس پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔ سیرت کا پیغام واضح ہے: سچائی، امانت اور دیانت مسلمان کے کردار کی بنیادی پہچان ہونی چاہئے۔
صرف محبتِ رسولﷺ کا اظہار کافی نہیں، اصل محبت یہ ہے کہ ہم اپنے کردار میں بھی رسول اکرمﷺ کی تعلیمات کو جگہ دیں۔
سچ بولیں، خواہ وقتی نقصان ہی کیوں نہ ہو۔
امانت کی حفاظت کریں، خواہ مالک ہمارا مخالف ہی کیوں نہ ہو۔ ذمہ داری پوری دیانت سے ادا کریں اور کسی کے اعتماد کو مجروح نہ کریں۔
یہی سیرتِ نبویﷺ کا عملی پیغام ہے اور یہی وہ اخلاقی بنیاد ہے جس پر ایک مضبوط فرد اور صالح معاشرہ تعمیر ہو سکتا ہے۔