خالد نواز چیمہ
جدہ
جدہ میں پاکستانی قونصل خانے اور پاکستان انویسٹرز فورم نے شاندار پاکستانی مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا۔
تقریب میں سعودی اور بین الاقوامی مہمانوں نے پاکستانی آموں کی مختلف اقسام اور آم سے تیار کردہ مصنوعات میں خصوصی دلچسپی لی۔
مقررین نے اس ایونٹ کو پاک سعودی تجارتی تعلقات اور برآمدات کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ نے پاکستان انویسٹرز فورم کے تعاون سے شاندار ’پاکستانی مینگو فیسٹیول‘ کا انعقاد کیا، جس میں اعلیٰ معیار کے پاکستانی آموں اور آم سے تیار کردہ مختلف غذائی مصنوعات کی دلکش نمائش کی گئی۔
اس منفرد تقریب میں سعودی شہریوں، پاکستانی کمیونٹی، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے، خوشبو اور اعلیٰ معیار کو بے حد سراہا۔
مزید پڑھیں
بڑی تعداد میں شرکا کی موجودگی میں جدہ کے مشہور ریڈ سی مال میں منعقد ہونے والی تقریب کا افتتاح قونصل جنرل پاکستان سید مصطفیٰ ربانی نے جدہ چیمبر آف کامرس کے نائب چیئرمین شیخ عماد العبود، پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود، جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک، ممتاز سعودی تاجروں، سرمایہ کاروں اور دیگر کاروباری شخصیات کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے کہا کہ پاکستانی آم اپنی بے مثال مٹھاس، منفرد ذائقے اور اعلیٰ معیار کی بدولت دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی زرعی اور غذائی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ حکومتِ پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ قونصل خانہ مستقبل میں بھی ایسی تجارتی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو سعودی منڈی میں مزید متعارف کرانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔
پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورم کا بنیادی مقصد پاکستانی زرعی، غذائی اور صنعتی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں مؤثر انداز سے متعارف کرانا، دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پاکستانی برآمد کنندگان کو سعودی کاروباری حلقوں سے جوڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات نہ صرف پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر کا مؤثر ذریعہ بنتی ہیں بلکہ پاک سعودی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بناتی ہیں۔
جدہ چیمبر آف کامرس کے نائب چیئرمین شیخ عماد العبود نے پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے، قدرتی مٹھاس اور اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آم سعودی صارفین میں غیر معمولی مقبولیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے اس نوعیت کے تجارتی میلوں کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
تقریب کے دوران مہمانوں نے پاکستانی آموں کی مختلف اقسام کا ذائقہ چکھا، آم سے تیار کردہ متنوع مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستانی برآمد کنندگان سے ملاقاتیں بھی کیں۔
شرکاء نے اس کامیاب پاکستانی مینگو فیسٹیول کو پاک سعودی دوستی، باہمی تجارتی تعاون اور پاکستانی زرعی مصنوعات کے فروغ کی جانب ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔