آپ شاید یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کے گھر کے دروازے پر لگا اسمارٹ کیمرہ آپ کی حفاظت کے لیے ہے اور انٹرنیٹ فراہم کرنے والا راؤٹر محض ایک رابطہ قائم کرنے کا ذریعہ ہے۔
مزید پڑھیں
لیکن ڈیجیٹل دنیا کی تلخ حقیقت یہ ہے کہ یہ آلات آپ کے علم میں آئے بغیر ایک ایسی عالمی الیکٹرانک فوج کا حصہ بن سکتے ہیں جو سرحد پار سائبر حملوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
تباہ کن بات یہ ہے کہ ایک ہی لمحے میں آپ کا پرسکون گھر کسی عالمی سائبر معرکے کا نادانستہ حصہ بن جاتا ہے۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے صحافی محمد مخلوف کی تیار کردہ اس
رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ انٹرنیٹ سے جڑے روزمرہ کے اسمارٹ آلات کس طرح عالمی ہیکرز کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔
سائبر جنگ کا نیا اور پیچیدہ رخ
مرکز العرب فار ریسرچ اینڈ اسٹڈیز کے شعبہ اے آئی و سائبر سیکیورٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد محسن رمضان کہتے ہیں کہ جدید سائبر جنگیں اب محض بڑے کمپیوٹرز یا مرکزی سرورز کو نشانہ بنانے تک محدود نہیں رہیں۔
اب یہ نیٹ ورک زیادہ پیچیدہ اور خطرناک ہو چکا ہے۔ انٹرنیٹ سے منسلک کروڑوں اسمارٹ ہوم ڈیوائسز ایسی وسیع جارحانہ دفاعی لائن کا ممکنہ حصہ بن چکی ہیں جو پسِ منظر میں مالکان کی لاعلمی میں کام کرتی ہیں۔
اسمارٹ کیمرے، انٹرنیٹ راؤٹرز، اسمارٹ ٹی وی، نیٹ ورک اسٹوریج ڈیوائسز، ڈیجیٹل اسٹریمنگ آلات اور یہاں تک کہ انٹرنیٹ سے جڑی چھوٹی گھریلو اشیا بھی اب ہیکرز کے لیے انٹری پوائنٹس بن چکی ہیں۔
ہیکرز انہیں ’بوٹ نیٹ‘ نامی مجرمانہ الیکٹرانک نیٹ ورکس میں تبدیل کر دیتے ہیں، جہاں صارف کو کسی خرابی کا احساس تک نہیں ہوتا کیونکہ انٹرنیٹ اور ڈیوائس بظاہر بالکل ٹھیک کام کر رہے ہوتے ہیں۔
بوٹ نیٹ: نہ نظر آنے والی الیکٹرانک فوج
تکنیکی اعتبار سے ’بوٹ نیٹ‘ انٹرنیٹ سے منسلک ایسے ہزاروں یا لاکھوں آلات کا مجموعہ ہوتا ہے جنہیں ہیکرز دور بیٹھ کر ’کمانڈ اینڈ کنٹرول سرورز‘کے ذریعے اپنے کنٹرول میں لے لیتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد محسن رمضان کے مطابق ان نیٹ ورکس کی اصل قوت کسی ایک طاقتور آلے میں نہیں، بلکہ ان کی بے پناہ تعداد میں چھپی ہوتی ہے۔
سیکیورٹی کے لحاظ سے کمزور لاکھوں کیمرے یا راؤٹرز مل کر چند منٹوں میں ایک ایسا ڈیجیٹل سیلاب پیدا کر سکتے ہیں جو بڑے سے بڑے نیٹ ورک کو بھی بیٹھنے پر مجبور کر دے۔
اس طرح ایک عام صارف نادانستہ طور پر شکار بننے کے بجائے خود ایک بڑے سائبر حملے کا حصہ بن جاتا ہے۔
اسمارٹ ہوم آلات ہیکرز کا آسان ہدف کیوں؟
انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) پر مبنی آلات کے ہیک ہونے کی بنیادی وجہ ان کا ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ ہے۔
کمپنیوں کی ترجیح اکثر سستی قیمت، تیز رفتار پیداوار اور آسان استعمال ہوتی ہے، جبکہ سہکیورٹی کو ایک ثانوی خصوصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
مارکیٹ میں آنے والے بے شمار آلات فیکٹری کی طرف سے لگائے گئے ڈیفالٹ پاس ورڈز ہی پر چلتے رہتے ہیں، صارفین انہیں تبدیل نہیں کرتے اور نہ ہی ان آلات کو باقاعدگی سے سیکیورٹی اپ ڈیٹس ملتی ہیں۔
بہت سی کمپنیاں تو فروخت کے کچھ عرصے بعد ان کے لیے سیکیورٹی سپورٹ ہی ختم کر دیتی ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ آلات سالہا سال بغیر کسی نئی حفاظتی لیئر کے انٹرنیٹ سے جڑے رہتے ہیں اور ہیکرز کے لیے تر نوالہ بن جاتے ہیں۔
’میرائی‘ حملے سے جدید بلیک میلنگ تک کا سفر
2016 میں ہونے والا مشہور’میرائی‘ (Mirai) بوٹ نیٹ حملہ اس خطرے کی سب سے بڑی تاریخی مثال ہے۔
اس حملے میں وائرس نے لاکھوں کیمروں اور راؤٹرز کا کنٹرول سنبھال کر ایک بہت بڑا ڈی ڈاس (DDoS – Distributed Denial of Service) حملہ کیا، جس نے دنیا کی بڑی ڈیجیٹل سروسز کو مفلوج کر کے رکھ دیا تھا۔
تاہم خطرہ میرائی پر ختم نہیں ہوا بلکہ اس کا سورس کوڈ لیک ہونے کے بعد اب اس سے بھی زیادہ خطرناک اور جدید ترین وائرسز سامنے آ چکے ہیں۔
آج بوٹ نیٹس صرف عارضی حملوں کے لیے استعمال نہیں ہوتے، بلکہ یہ ڈیجیٹل بھتہ خوری، ہیکرز کی شناخت چھپانے، آن لائن فراڈ اور دنیا بھر کے حقیقی صارفین کے آلات کے ذریعے پراکسی نیٹ ورکس قائم کرنے کے مجرمانہ کاروبار میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
پوشیدہ الیکٹرانک فورسز
مصر کی وزارتِ داخلہ کے میڈیا اینڈ ریلیشنز کے سابق اسسٹنٹ منسٹر میجر جنرل خالد حمدی اس صورتحال کو ایک سیکیورٹی چیلنج کے طور پر دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ منظرنامے میں سب سے خطرناک تبدیلی یہ ہے کہ ایک گھریلو آلہ اب انفرادی نہیں رہا بلکہ عالمی نیٹ ورک کا حصہ بن چکا ہے۔
جب لاکھوں آلات ہیک ہوتے ہیں تو حملہ آور صرف ایک کمانڈ دے کر ان سب کا رخ کسی مخصوص ویب سائٹ یا ڈیجیٹل سروس کی طرف موڑ دیتا ہے۔ وہ ہدف اتنی بڑی تعداد میں آنے والی ریکویسٹس کا بوجھ نہیں اٹھا پاتا اور بند ہو جاتا ہے۔
اسے ’پوشیدہ الیکٹرانک فوج‘ کا نام دیا جا سکتا ہے جس کے سپاہی روایتی ہتھیاروں کے بغیر عام لوگوں کے گھروں اور دفاتر میں موجود آلات سے پوری دنیا پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
یہاں تک کہ جدید دور میں ’فراسٹ‘ (FROST) جیسی ٹیکنالوجیز بھی سامنے آ رہی ہیں جو بغیر ہیکنگ آلات کے ذریعے جاسوسی کے نئے نیٹ ورکس قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
مصنوعی ذہانت کا کردار: دفاع اور حملے کا نیا مقابلہ
مصنوعی ذہانت کی آمد نے اس سائبر جنگ کو مزید تیز اور پیچیدہ بنا دیا ہے۔
ہیکرز اب اے آئی الگورتھمز کا استعمال کر کے آلات کی کمزوریوں کو سیکنڈوں میں تلاش کرتے ہیں، غیر محفوظ آلات کا سراغ لگاتے ہیں اور ایسے طریقے تیار کرتے ہیں جنہیں روایتی سکیورٹی سسٹمز پکڑ ہی نہیں پاتے۔
دوسری طرف دفاعی محاذ پر بھی مصنوعی ذہانت ایک اہم ہتھیار بن چکی ہے۔ سیکیورٹی ادارے اور محققین اب اے آئی ٹولز کے ذریعے نیٹ ورک پر غیر معمولی رویوں اور مشکوک ٹریفک کا پہلے سے اندازہ لگا کر حملوں کو پھیلنے سے روکتے ہیں۔
یہ مقابلہ اب محض ایک حملہ آور اور شکار کے درمیان نہیں، بلکہ 2 جدید ترین ٹیکنالوجیز کے درمیان ایک لامتناہی دوڑ بن چکا ہے۔
اپنے ڈیجیٹل گھر کو کیسے محفوظ رکھیں؟
میجر جنرل خالد حمدی کے مطابق اس سائبر جنگ میں تحفظ کا آغاز ڈیجیٹل سمجھداری اور صارف کے اپنے رویے سے ہوتا ہے۔ اسمارٹ آلات کو ہتھیار بننے سے روکنے کے لیے مندرجہ ذیل اقدامات لازمی ہیں:
- ڈیفالٹ پاس ورڈز کی تبدیلی: کوئی بھی اسمارٹ آلہ خریدتے ہی سب سے پہلے اس کا فیکٹری پاس ورڈ تبدیل کر کے ایک مضبوط پاس ورڈ رکھیں۔
- فرم ویئر اپ ڈیٹ: آلات کے سافٹ ویئر کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں تاکہ نئی سیکیورٹی پیچز لاگو ہو سکیں۔
- طویل المدت سیکیورٹی سپورٹ: صرف ان برانڈز کے آلات خریدیں جو طویل عرصے تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کی ضمانت دیتے ہوں۔
- نیٹ ورک کی علیحدگی: اسمارٹ ہوم آلات کو اپنے مرکزی انٹرنیٹ نیٹ ورک (جس پر آپ کا کمپیوٹر یا بینکنگ ایپس ہوتی ہیں) سے الگ (جیسے گیسٹ نیٹ ورک پر) رکھیں۔
- ٹریفک کی نگرانی: گھر کے انٹرنیٹ نیٹ ورک پر ہونے والی غیر معمولی سرگرمیوں یا نیٹ ورک کی رفتار میں پراسرار کمی بیشی پر نظر رکھیں۔
ڈیجیٹل تبدیلی اور اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی نے یقیناً انسانی زندگی کو آسان اور آرام دہ بنا دیا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی خطرات کا ایک ایسا نیا دروازہ بھی کھولا ہے جس کی سرحدیں جغرافیائی حدود سے آزاد ہیں۔
اب انٹرنیٹ سیکیورٹی یا سائبر ڈیفنس صرف بڑی کمپنیوں، حکومتوں یا عسکری اداروں کی ذمہ داری نہیں رہی، بلکہ نیٹ ورک سے جڑے ایک عام صارف تک پھیل چکی ہے۔
ڈیجیٹل دور کا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ نادیدہ خطرات اکثر ہماری آنکھوں کے سامنے، ہمارے اپنے آلات کے اندر ہی خاموشی سے کام کر رہے ہوتے ہیں اور ان سے بچنے کا واحد راستہ مسلسل الرٹ رہنا اور سیکیورٹی اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ہے۔