سید مسرت خلیل
جدہ
سعودی عرب کے شہر جدہ میں رواں سال 2026 کی پہلی شاندار ’مینگو پارٹی‘ کا انعقاد یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم اور پاک اوورسیز میڈیا فورم کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں صحافی برادری، سماجی شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد پاکستانی آم کی عالمی شہرت کو اجاگر کرنا، قومی ثقافت کو فروغ دینا اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی روایات سے جوڑے رکھنا تھا۔
مزید پڑھیں
منتظمین نے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کے مشہور و معروف آموں، چونسہ، انور رٹول اور سندھڑی سے مہمانوں کی تواضع کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستانی آم تقریباً سعودی عرب کی منڈیوں میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم نہ صرف پاکستانیوں بلکہ سعودی اور دیگر عرب شہریوں میں بھی بے حد مقبول ہیں، جو ہر سال اس سیزن کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستانی آم اپنے منفرد ذائقے، خوشبو اور اعلیٰ معیار کی بدولت دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔
صحافی عدیل نذیر نے کہا کہ ایسی تقریبات بیرونِ ملک پاکستانیوں کو اپنی ثقافت اور روایات سے جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بنتی ہیں۔
پاک اوورسیز میڈیا فورم کے صدر راجہ شعیب الطاف نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور قومی روایات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی عثمان نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں کمیونٹی کے اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور روابط کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
ڈاکٹر ارشد خان نے کہا کہ پاکستانی آم عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں اور ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مہمانانِ خصوصی حاجی عبد الحمید اور شریف زمان نے کہا کہ ایسی تقریبات پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد، بھائی چارے اور قومی روایات کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
زبیر خان اور دیگر مقررین نے مینگو پارٹی کو ایک خوبصورت روایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستانی آموں کی تشہیر کا ذریعہ ہے بلکہ کمیونٹی اور صحافی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتی ہے۔
تقریب میں یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم اور پاک اوورسیز میڈیا فورم کے عہدیداران سمیت کمیونٹی کی متعدد ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔