سید مسرت خلیل
جدہ
سعودی عرب کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت سردار طلعت محمود کی جانب سے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے اعزاز میں ریاض کے مقامی ہوٹل میں ایک پروقار عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں کمیونٹی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب کے میزبان سردار طلعت محمود نے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عید ملن پارٹیاں ہماری تہذیبی، ثقافتی اور معاشرتی روایات کا اہم حصہ ہیں۔
ان تقریبات کا مقصد عید کی خوشیوں کو باہم بانٹنا، دوستوں، عزیز و اقارب اور کمیونٹی کے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور باہمی محبت، اخوت اور یگانگت کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف ہماری مذہبی اور ثقافتی روایات کو زندہ رکھتی ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی تہذیبی اقدار اور تہواروں کی اہمیت سے آگاہ کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی میل جول انسان کی ذہنی تازگی کا باعث بنتا ہے اور معاشرے میں رواداری، امن، ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سردار طلعت محمود نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
وہ ملکی معیشت کے استحکام، سماجی ترقی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب میں اعجاز چوہدری، سید وقاص، مبشر افضل چیمہ، حافظ مطلوب، سردار حاجی لطیف، سردار امجد کامران، ذوالفقار چھٹہ، امان اللہ، ناصر گورائیہ، معظم چوہدری اور سردار انس خان سمیت دیگر معزز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
شرکاء نے سردار طلعت محمود کی سماجی، سیاسی اور فلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی مثبت تعمیر اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔
اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک بہتر، پرامن اور مثبت معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مقررین نے کہا کہ عیدین کے تہوار اسلامی تہذیب و ثقافت کے حقیقی عکاس ہیں اور ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان روایات کو آئندہ نسلوں تک منتقل کریں اور باہمی محبت، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔