اہم خبریں
10 June, 2026
--:--:--

جدہ میں افتاب کھوکھر سے پاکستانی صحافیوں کی ملاقات

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
100% LikesVS
0% Dislikes
Picture of خالد نواز چیمہ

خالد نواز چیمہ

جدہ

اسلامی تعاون تنظیم OIC کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی سفیر افتاب احمد کھوکھر سے پاکستان جرنلسٹس فورم جدہ کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات، مسلم دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ اور میڈیا کے تعمیری کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفد نے سفیر افتاب احمد کھوکھر کو او آئی سی میں اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 وفد کا کہنا تھا کہ افتاب احمد کھوکھر پاکستان کے ان ممتاز سفارتکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔

مزید پڑھیں

وفد کے اراکین نے جدہ میں بطور قونصل جنرل ان کی خدمات کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل، قونصلر خدمات کی بہتری اور اوورسیز پاکستانیوں سے مضبوط روابط کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ 

ان کے اقدامات کی بدولت قونصل خانہ عوام دوست ادارے 

کے طور پر ابھرا، جہاں پاکستانی کمیونٹی کو عزت، احترام اور سہولت کے ساتھ خدمات فراہم کی گئیں۔

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ سفیر افتاب احمد کھوکھر نے ہمیشہ کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے، جس کی وجہ سے آج بھی پاکستانی برادری ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اس موقع پر سفیر افتاب احمد کھوکھر نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو اپنی محنت، صلاحیتوں اور ترسیلاتِ زر کے ذریعے قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن سے محبت اور وابستگی قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے دوران پاکستان کے مفادات کے فروغ، اسلامی ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے استحکام اور امتِ مسلمہ کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں مسلم ممالک کے درمیان علم، تحقیق، اختراع اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور او آئی سی اس حوالے سے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر سکتی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان جرنلسٹس فورم جدہ کے وفد نے سفیر افتاب احمد کھوکھر کی قومی، سفارتی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں، تجربے اور قائدانہ کردار کے ذریعے مستقبل میں بھی پاکستان اور امتِ مسلمہ کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔

وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افتاب احمد کھوکھر جیسے باصلاحیت، دور اندیش اور وژنری سفارتکار پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی خدمات قومی اور بین الاقوامی سطح پر قابلِ فخر ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔