خالد نواز چیمہ
جدہ
سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب پاکستان انٹرنیشنل اسکول الرحاب جدہ کے ہونہار فارغ التحصیل طالب علم، سینئر سیاسی مشیر، برطانوی ہائی کمیشن پاکستان اور ممبر وزیرِ اعظم قومی یوتھ کونسل پاکستان سید اویس ارشد شاہ نے دنیا کی ممتاز اور تاریخی درسگاہ یونیورسٹی آف کیمبرج سے ماسٹر آف اسٹڈیز کی ڈگری حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین اور خاندان بلکہ پورے پاکستان اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
سید اویس ارشد شاہ، جدہ کی معروف کاروباری، سیاسی اور سماجی شخصیت اور شہرِ اقبال سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے سید ارشد بخاری کے فرزند ہیں۔
انہوں نے اپنی غیر معمولی محنت، لگن اور علمی قابلیت کے ذریعے دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہونے والی یونیورسٹی آف کیمبرج میں یہ نمایاں کامیابی حاصل کی۔
یونیورسٹی آف کیمبرج کی جانب سے جاری کردہ سند کے مطابق سید اویس ارشد شاہ، جو Homerton College سے وابستہ ہیں، کو مئی 2026 میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں ماسٹر آف اسٹڈیز کی ڈگری سے نوازا گیا۔
یہ تاریخی تقریب کیمبرج یونیورسٹی کے مشہور سینیٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کامیاب طلبہ و طالبات نے اپنی علمی کامیابیوں کا جشن منایا۔
سید اویس ارشد شاہ کی یہ شاندار کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عزم، محنت، مستقل مزاجی اور بلند حوصلوں کے ساتھ دنیا کی بڑی سے بڑی منزل بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ یونیورسٹی آف کیمبرج کو عالمی سطح پر علم، تحقیق اور تعلیمی معیار کی علامت سمجھا جاتا ہے، اور اس عظیم ادارے سے ڈگری حاصل کرنا ہر طالب علم کے لیے ایک منفرد اعزاز تصور کیا جاتا ہے۔
تعلیمی، سماجی، سیاسی اور اوورسیز پاکستانی حلقوں نے سید اویس ارشد شاہ کو اس نمایاں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں اپنی قابلیت، ذہانت اور محنت کے ذریعے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔
ان کی یہ کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال اور عملی پیغام ہے کہ تعلیم ہی ترقی، کامیابی اور عالمی سطح پر شناخت کا بہترین ذریعہ ہے۔
جدہ، سیالکوٹ، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم دوستوں، عزیز و اقارب اور پاکستانی کمیونٹی نے سید اویس ارشد شاہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم، تجربے اور صلاحیتوں کو پاکستان اور انسانیت کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں گے۔