وسیم خان
ریاض
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی پروفیشنلز کے لیے نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جو کمیونٹی کی جاری ’انسائٹ اسپیکر سیریز‘ کا حصہ تھا۔
اس کا مقصد پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ اور کمیونٹی کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں مقیم پاکستانی پروفیشنلز کے لیے اس ہفتے ایک نیٹ ورکنگ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جو کمیونٹی کی جاری ’انسائٹ اسپیکر سیریز‘ کا حصہ تھا۔
اس سلسلے کا مقصد پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ اور کمیونٹی کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
تقریب میں انجینئرنگ، آئی ٹی اور ٹیلی کام سمیت مختلف تکنیکی شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی پروفیشنلز نے شرکت کی۔
شرکاء نے خیالات کا تبادلہ کیا، پیشہ ورانہ مواقع پر گفتگو کی اور اپنے نیٹ ورکس کو وسعت دی۔
اسپیکر سیریز اب کمیونٹی کا ایک باقاعدہ پلیٹ فارم بن چکی ہے جہاں کامیابی کی کہانیاں، صنعتی رجحانات اور عملی تجربات شیئر کیے جاتے ہیں، جس کے بعد نیٹ ورکنگ ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ شرکاء کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب کے مرکزی مقرر محسن جلالی تھے، جو پاکستانی کمیونٹی میں مالیاتی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں اپنی مہارت کے باعث معروف ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستانی کاروباری افراد کو مملکت میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی اور کمیونٹی کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
پیشہ ورانہ مہارت کے علاوہ محسن جلالی کمیونٹی میں سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔
وہ مختلف کمیونٹی اقدامات کی حمایت کرتے رہے ہیں، جن میں ’ریاض ایٹریز‘ بھی شامل ہے، جو شہر میں پاکستانی ریسٹورنٹس کی ترویج اور نئے فوڈ بزنسز کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کر رہا ہے۔
تقریب کے منتظمین محسن علی زین، طارق شہزاد اور عمران ظہیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ، رہنمائی اور باہمی تعاون نہایت اہم ہے۔
شرکاء نے اس پلیٹ فارم کو ایک مفید موقع قرار دیا جہاں ہم پیشہ افراد سے رابطہ قائم کرنے، علم و تجربات کے تبادلے اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی پروفیشنلز کے درمیان تعاون کے جذبے کو مضبوط بنانے کا موقع ملا۔