وسیم خان
ریاض
سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے زیرِ اہتمام مینا بازار کا انعقاد کیا گیا۔
مینا بازار میں طلبہ، والدین اور اساتذہ، سمیت سفیر پاکستان کی اہلیہ عائشہ احمد اور اسکول لِنک افیسر جنت حسین نے بھی خصوصی شرکت کرکے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور اسکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان انٹرنیشنل اسکول ریاض کے ایس ایم سی کے چیئرمین ڈاکٹر اصف محمود نے کہا کہ مینا بازار کا مقصد کمیونٹی کو ایک خوشگوار اور مثبت ماحول فراہم کرنا ہے جہاں لوگ مل بیٹھ کر تفریح اور ثقافتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔
مزید پڑھیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بیگم سفیر پاکستان عائشہ احمد کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں مینا بازار کا انعقاد تجارتی یا تفریحی سرگرمی نہیں بلکہ یہ ہماری ثقافتی جڑوں سے جڑے رہنے اور پردیس میں اپنے وطن کی خوشبو بکھیرنے کا خوبصورت ذریعہ ہے۔
ایسے مینا بازار ہمارے روایتی ملبوسات، دستکاریوں اور کھانوں کو غیر ملکی معاشرے میں متعارف کروانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہیں۔
ایسی تقریبات کا انعقاد تارکین وطن خاص طور پر بچوں کو اپنی تہذیب اور اقدار سے جوڑتا ہے۔
مہمان خصوصی عائشہ احمد نے خوبصورت مینا بازار منعقد کرنے پر اسکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے 10 سال کے بعد مینا بازار بھرپور انداز میں منایا گیا۔
مینا بازار میں کھانے پینے، ملبوسات اور ہاتھ سے بنی ہوئی ثقافتی چیزوں کے اسٹالز حاضرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
مینا بازار میں آنے والی خواتین اور طلبہ کا کہنا تھا کہ 10 سالوں بعد ایسا ایونٹ ہمارے لئے ناقابل فراموش ہے۔
امید ہے کہ آئندہ بھی اسکول انتظامیہ ہر سال اسی طرح مینا بازار کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ مصروفیت کی زندگی سے چند لمحات نکال کر اپنی ثقافت اور کلچر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ حاضرین نے مینا بازار کے انعقاد پر اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔