اہم خبریں
10 June, 2026
--:--:--

مدینہ منورہ: وفاقی وزیر مذہبی امور کا حجاج کی رہائش گاہوں کا معائنہ

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
Picture of خالد نواز چیمہ

خالد نواز چیمہ

جدہ

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مدینہ منورہ میں رات گئے پاکستانی حجاج کی رہائش گاہوں کا اچانک دورہ کیا اور مسجد نبویؐ کے قریب مرکزیہ کے مختلف ہوٹلوں میں مقیم عازمین حج سے ملاقاتیں کرکے انہیں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر نے حجاج کرام سے کھانے، رہائش، ٹرانسپورٹ، طبی سہولتوں اور خدام الحجاج کی خدمات کے بارے میں تفصیلی دریافت کیا۔ 

اس موقع پر حجاج کرام نے سرکاری حج اسکیم کے تحت کیے گئے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین اور مثالی قرار دیا۔

مزید پڑھیں

پانچویں مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حاجی حکیم رفیع اللہ نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی حج کیا ہے، تاہم امسال کیے گئے انتظامات معیار، سہولت اور نظم و ضبط کے اعتبار سے نمایاں طور پر بہتر ہیں۔ 

انہوں نے وزارت مذہبی امور اور سعودی حکام کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

ایک اور حاجی ڈاکٹر سعید نے کہا کہ انہیں سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے کے فیصلے پر فخر ہے۔ 

ان کے مطابق رہائش، کھانے، ٹرانسپورٹ اور رہنمائی کے انتظامات نے حج کے سفر کو آسان اور پرسکون بنا دیا۔

دریں اثنا، مدینہ منورہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر وطن واپس روانہ ہونے والے پاکستانی حجاج نے اپنے تاثرات میں سعودی عرب اور پاکستان کی حکومتوں کے انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال حج کے دوران نظم و ضبط، رہنمائی اور سہولتوں کا معیار قابلِ تعریف رہا۔

حجاج کرام نے آئندہ حج پر آنے والے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ مناسکِ حج کو اچھی طرح سیکھ کر اور سمجھ کر سفر پر آئیں تاکہ عبادات کی ادائیگی مزید آسان ہو سکے۔ 

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دورانِ حج صبر، شکر، برداشت اور دیگر حجاج کی مدد کا جذبہ اپنانا کامیاب حج کی بنیاد ہے۔ 

حجاج کے مطابق مثبت طرزِ عمل، نظم و ضبط اور قوانین و ضوابط کی پابندی سفرِ حج کو مزید آسان اور خوشگوار بناتی ہے۔

فیملی کے ساتھ حج پر آنے والے بعض عازمین نے تجویز دی کہ مدینہ منورہ میں بھی فیملی رومز کی سہولت کو مزید وسعت دی جائے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اگر اضافی رقم ادا کرنا پڑے تب بھی خاندانوں کو مشترکہ رہائش کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

ChatGPT Image 6 يونيو 2026، 09 48 32 م

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حج آپریشن کے آخری مرحلے تک حجاج کرام کی خدمت میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے۔ انہوں نے کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے اور ہر شکایت کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حجاج کرام کو مثالی سہولتوں کی فراہمی وزارت مذہبی امور کی اولین ترجیح ہے اور حجاج کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

انہوں نے متعلقہ عملے پر زور دیا کہ وہ واپسی آپریشن کے اختتام تک پوری ذمہ داری، لگن اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔