اہم خبریں
30 May, 2026
--:--:--

فتحِ قسطنطینیہ: وہ جنگ جس نے 11 صدی پرانی سلطنت کا خاتمہ کیا

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
سلطان محمد فاتح اور فتحِ قسطنطینیہ کا تاریخی منظر
عثمانی فوج نے 29 مئی 1453 کو قسطنطنیہ پر قبضہ کیا تھا (فوٹو: الجزیرہ)

1453ء کا سال تاریخِ عالم میں ایک ایسے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس نے قرونِ وسطیٰ کے ایک بڑے باب کو بند کر کے نئے دور کی بنیاد رکھی۔

مزید پڑھیں

یہ وہ وقت تھا جب نوجوان عثمانی سلطان، محمد فاتح نے عسکری بصیرت کے بل بوتے پر بازنطینی سلطنت کے دارالحکومت قسطنطینیہ کو فتح کر کے ایک 11 صدی پرانی سلطنت کا غرور خاک میں ملا دیا۔

فتح کی جدوجہد: نبوی بشارت اور مسلم حکمرانوں کے خواب

قسطنطینیہ کی فتح محض ایک سیاسی یا عسکری ہدف نہیں تھا، بلکہ یہ مسلمانوں کے لیے ایک دینی تمنا بھی تھی۔ 

نبی کریمﷺ کی جانب سے اس شہر کی فتح کی بشارت (لتفتحن القسطنطینیة، فلنعم الأمیر أمیرھا، ولنعم الجیش ذلک الجیش) مسلم حکمرانوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہی۔

تاریخی طور پر اس شہر کو فتح کرنے کی تقریباً 11 بار کوششیں کی گئیں، جن کا آغاز دورِ امیر معاویہؓ سے ہوا۔ 

یزید بن معاویہ، مسلمہ بن عبد الملک اور عثمانی سلاطین میں سلطان اورخان، سلطان مراد اول اور سلطان مراد ثانی تک، ہر حکمران نے اس قلعے کو سر کرنے کی سعی کی، تاہم قسمت میں یہ سعادت سلطان محمد فاتح کا مقدر لکھی تھی۔

سلطان محمد فاتح اور فتحِ قسطنطینیہ کا تاریخی منظر
قدیم قسطنطینیہ وہ شہر ہے جو بحیرہ مرمرہ، آبنائے باسفورس اور گولڈن ہارن کے درمیان واقع ہے (فوٹو: الجزیرہ)

سلطان محمد فاتح: ایک نابغہ روزگار حکمران

سلطان مراد ثانی کی وفات کے بعد 18 فروری 1451ء کو محمد فاتح تخت نشین ہوئے۔ محض 19 سے 22 سال کی عمر میں اُن کا پہلا اور اہم ترین ہدف قسطنطینیہ تھا۔

آپ نے اپنے دور کے جید علما، جیسے معلمِ فاتح، احمد بن اسماعیل الکورانی اور روحانی مرشد آق شمس الدین کی سرپرستی میں نہ صرف عسکری تیاری کی بلکہ اپنی قوم کے نظریاتی اور روحانی جوہر کو بھی بیدار کیا۔

سلطان محمد فاتح اور فتحِ قسطنطینیہ کا تاریخی منظر
مصور جینٹائل بیلینی کی 1480 میں بنائی گئی سلطان محمود فاتح کی پورٹریٹ (فوٹو: انٹرنیٹ)

فتح کی حکمتِ عملی: بحری جہازوں کا خشکی پر سفر

قسطنطینیہ اپنی جغرافیائی پوزیشن کی وجہ سے ناقابلِ تسخیر سمجھا جاتا تھا۔

اس کے گرد پانی کی رکاوٹیں اور  قرنِ طلائی (Golden Horn) کے دہانے پر موجود آہنی زنجیریں کسی بھی بحری بیڑے کو شہر تک پہنچنے سے روک دیتی تھیں۔

سلطان فاتح نے تاریخ کا ایک ایسا جرات مندانہ فیصلہ کیا جس نے دشمن کو ہکا بکا کر دیا۔ 

سلطان محمد فاتح اور فتحِ قسطنطینیہ کا تاریخی منظر
استنبول میں آبنائے باسفورس کے منظڑ میں موجود رومیلی حصار قلعہ (فوٹو: انٹرنیٹ)

انہوں نے محض ایک رات میں 70 سے زائد بحری جہازوں کو لکڑی کے تختوں پر تیل لگا کر خشکی کے راستے پہاڑیوں سے گزار کر خلیجِ قرنِ طلائی میں اتار دیا۔ یہ وہ لمحہ تھا جس نے بازنطینیوں کی دفاعی کمر توڑ دی۔

فتح کا فیصلہ کن معرکہ: 29 مئی 1453

تقریباً 50 دن کے شدید محاصرے اور مسلسل توپ باری کے بعد 29 مئی 1453ء کی صبح سلطان نے عام حملے کا حکم دیا۔

عثمانی لشکر تکبیروں کی گونج میں فصیلوں کو عبور کر گیا۔ بازنطینی شہنشاہ قسطنطین معرکے میں مارا گیا اور شہر مسلمانوں کے قبضے میں آگیا۔ 

بعد ازاں سلطان نے شہر کا نام تبدیل کر کے ’اسلامبول‘ (اسلام کا شہر) رکھا۔

سلطان محمد فاتح اور فتحِ قسطنطینیہ کا تاریخی منظر
سلطان محمد فاتح نے اپریل 1453 کے اوائل میں قسطنطینیہ کا محاصرہ شروع کیا (فوٹو: انٹرنیٹ)

آیہ صوفیہ: ایک مسجد کا قیام اور رواداری

فتح کے بعد سلطان فاتح براہِ راست آیہ صوفیہ پہنچے۔ وہاں موجود خوفزدہ عوام اور پادریوں کو امان دی اور انہیں اپنے گھروں میں محفوظ رہنے کی ہدایت کی۔

اس کے بعد آیہ صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کر دیا گیا اور وہاں پہلا جمعہ پڑھا گیا۔ 

یہ صرف ایک فتح نہیں تھی، بلکہ یہ ایک نئی تہذیبی روح کا اظہار تھا جس میں انصاف اور رواداری کی جھلک واضح تھی۔

سلطان محمد فاتح اور فتحِ قسطنطینیہ کا تاریخی منظر
عثمانی فوج تقریباً 50 دن کے محاصرے اور لڑائیوں کے بعد شہر پر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی (فوٹو: انٹرنیٹ)

قسطنطینیہ کی فتح نے نہ صرف بازنطینی سلطنت کا خاتمہ کیا بلکہ یورپ کے لیے یہ ایک ایسا صدمہ تھا جس نے ان کے دفاعی اور سیاسی توازن کو ہلا کر رکھ دیا۔

یہ فتح مسلم دنیا کے لیے ایک نئے عروج کی نوید تھی، جس نے عثمانی خلافت کو عالمِ اسلام کی مرکزی اور سب سے طاقتور قوت بنا دیا۔ 

سلطان محمد فاتح کی اس عظیم کامیابی نے یہ ثابت کیا کہ جب جذبہِ ایمانی، عسکری مہارت اور ٹھوس حکمتِ عملی یکجا ہو جائیں تو ناممکن بھی ممکن ہو جاتا ہے۔

سلطان محمد فاتح اور فتحِ قسطنطینیہ کا تاریخی منظر
فتح پارک، استنبول میں سلطان محمد فاتح کی یادگار (فوٹو: انٹرنیٹ)