حج 1447 ہجری کے آغاز کے ساتھ ہی سعودی عرب نے حجاج کی آمد و رفت کو مزید منظم، محفوظ اور تیز رفتار بنانے کے لیے مشاعر مقدسہ ٹرین کی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اتوار کے روز مشاعر ٹرین نے اپنے پہلے آپریشنل سفر کا آغاز کیا، جس کے ذریعے حجاج کرام کو منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے درمیان آسان اور منظم سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
مشاعر مقدسہ ٹرین حج سیزن کے دوران سعودی عرب کے اہم ترین نقل و حمل منصوبوں میں شمار ہوتی ہے، جو ہر سال لاکھوں عازمین حج کی روانی کو بہتر بنانے اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
یہ ٹرین مشاعر مقدسہ کے مختلف مقامات کے درمیان مقررہ شیڈول کے مطابق حجاج کو منتقل کرتی ہے، جس سے بسوں اور سڑکوں پر دباؤ میں نمایاں کمی آتی ہے۔
سعودی عرب کی قومی ریلوے کمپنی ’سار‘ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ حج 1447ھ کے لیے مشاعر مقدسہ ٹرین کی تمام آپریشنل تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق پورے نظام کی جامع جانچ، تکنیکی معائنہ، مرمتی کام اور حفاظتی اقدامات مکمل کیے گئے تاکہ حجاج کو اعلیٰ معیار کی سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید پڑھیں
اس سال آپریشن کے لیے 17 جدید ٹرینوں پر مشتمل مکمل فلیٹ تیار کیا گیا ہے۔
ہر ٹرین تقریباً 3 ہزار مسافروں کو منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ مجموعی نظام ایک گھنٹے میں 72 ہزار سے زائد افراد کی نقل و حرکت انجام دے سکتا ہے، جو حج کے دوران انسانی ہجوم کے انتظام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مشاعر مقدسہ ٹرین 9 مختلف اسٹیشنز کے ذریعے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کو آپس میں جوڑتی ہے۔
اس نیٹ ورک کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ منیٰ کا آخری اسٹیشن براہِ راست جمرات پل کی چوتھی منزل تک رسائی فراہم کرتا ہے، جس سے حجاج کے لیے رمی جمرات کے مراحل مزید آسان ہو جاتے ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق ٹرین کے تمام اسٹیشنز، سگنلنگ سسٹمز، آپریشنل مراکز اور تکنیکی سہولیات کی مکمل جانچ کی گئی تاکہ سروس بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھی جا سکے۔
اس کے علاوہ حفاظتی معیارات اور معیارِ کار کو بھی بین الاقوامی اصولوں کے مطابق یقینی بنایا گیا ہے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین منصوبہ پہلی مرتبہ 2010 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے بعد اس نے حج آپریشنز میں نمایاں بہتری پیدا کی۔
بعد ازاں 2019 میں سعودی کابینہ کے فیصلے نمبر 538 کے تحت اس منصوبے کے آپریشن، مینٹیننس اور سروس مینجمنٹ کی ذمہ داری سعودی ریلوے کمپنی ’سار‘ کے سپرد کر دی گئی۔
سعودی عرب ہر سال حج سیزن سے قبل مشاعر مقدسہ میں انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صحت اور سکیورٹی کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر تیاریاں مکمل کرتا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں حجاج کو سہولت، تحفظ اور بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔