اہم خبریں
22 May, 2026
--:--:--

خطبہ جمعہ: حجاج کو تقویٰ، اتحاد اور مناسکِ حج کی پابندی کی تلقین

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
حجاج کرام

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے ائمہ کرام نے خطبۂ جمعہ میں حجاج کرام کو تقویٰ، اتحادِ امت، مناسکِ حج کی درست ادائیگی اور سرکاری ہدایات پر عمل کی تلقین کی۔
عشرۂ ذی الحجہ کی فضیلت، حج کے ارکان و واجبات اور عبادات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے ائمہ کرام نے حجاج کو تقویٰ، اتحادِ امت اور مناسکِ حج کی پابندی کی تلقین کرتے ہوئے عشرۂ ذی الحجہ کی فضیلت، حج کے ارکان و واجبات اور ضوابط پر عمل کی اہمیت پر زور دیا۔

مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعيقلی نے مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ سے تقویٰ اختیار کرنے اور اس کی اطاعت کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ تقویٰ نیک اعمال، دلوں کی اصلاح اور گناہوں کی بخشش کا ذریعہ ہے۔ 

انہوں نے قرآن کریم کی آیت ’اور زادِ راہ لے لیا کرو، بے شک سب سے بہترین زادِ راہ تقویٰ ہے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقویٰ ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی بنیاد ہے۔

مزید پڑھیں

جمعہ کے خطبے میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ذی الحجہ کے ابتدائی 10 دنوں کو خصوصی فضیلت عطا فرمائی ہے اور انہیں دنیا کے بہترین ایام قرار دیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ان دنوں میں کیا جانے والا نیک عمل اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہے، جیسا کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’ان دنوں میں نیک عمل اللہ کو سب سے زیادہ پسند ہے‘۔

شیخ المعيقلی نے وضاحت کی کہ ان بابرکت دنوں میں اسلام کی عظیم عبادات اور شعائر جمع ہو جاتے ہیں۔ 

ان میں یوم النحر شامل ہے، جو اللہ تعالیٰ کے نزدیک عظیم ترین دنوں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ یوم عرفہ وہ دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ میدانِ عرفات میں موجود بندوں پر فرشتوں کے سامنے فخر فرماتا ہے اور اسی دن سب سے زیادہ لوگوں کو جہنم سے آزادی نصیب ہوتی ہے۔

6546456
عشرۂ ذی الحجہ کو دنیا کے افضل ترین دن قرار دیتے ہوئے نیک اعمال کی ترغیب دی گئی (فوٹو: واس)

انہوں نے غیر حجاج کے لیے یوم عرفہ کے روزے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے یہ ایک سال پہلے اور ایک سال بعد کے گناہوں کا کفارہ بن جاتا ہے۔

شیخ المعيقلی نے کہا کہ ان عظیم دنوں میں سب سے افضل اعمال میں بیت اللہ کا حج بھی شامل ہے، بشرطیکہ انسان استطاعت رکھتا ہو۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ حجِ مبرور کا بدلہ صرف جنت ہے، جبکہ حج کی قبولیت اخلاص، توحید اور سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی سے وابستہ ہے۔

6454654
حجاج کو حج کے ضوابط، اجازت نامے اور سرکاری ہدایات کی پابندی کی تاکید کی گئی (فوٹو: واس)

انہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام رنگ، نسل یا قومیت کی بنیاد پر برتری نہیں دیتا بلکہ تقویٰ کو فضیلت کا معیار قرار دیتا ہے۔ 

انہوں نے ہر ایسے عمل سے خبردار کیا جو مسلمانوں کے اتحاد کو نقصان پہنچائے۔

شیخ المعيقلی نے حجاج کرام کو ہدایت کی کہ وہ حج کے ضوابط اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں اور بغیر اجازت نامے کے حج سے گریز کریں، کیونکہ اس سے دوسروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور انتظامی نظام متاثر ہوتا ہے۔

5646464
خطبوں میں اتحادِ امت، شرک سے اجتناب اور ضیوفِ رحمن کی خدمت کی اہمیت اجاگر کی گئی (فوٹو: واس)

دوسری جانب مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعيجان نے حجاج کرام کو مناسکِ حج کی درست ادائیگی، ارکان اور واجبات کی پابندی اور ممنوع امور سے اجتناب کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ حج کے ارکان وہ بنیادی اعمال ہیں جن کے بغیر حج درست نہیں ہوتا، جن میں احرام، وقوفِ عرفہ، طوافِ افاضہ اور صفا و مروہ کی سعی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ حج کے واجبات میں میقات سے احرام باندھنا، غروبِ آفتاب تک عرفات میں قیام، مزدلفہ اور منیٰ میں رات گزارنا، رمیِ جمرات، حلق یا قصر اور طوافِ وداع شامل ہیں، جبکہ ان کی کوتاہی کی صورت میں شرعی احکام لاگو ہوتے ہیں۔

545465
مسجد نبوی کے امام شیخ عبداللہ البعيجان نے حج کے ارکان، واجبات اور سنتوں کی تفصیل بیان کی (فوٹو: واس)

شیخ البعيجان نے حج کی سنتوں کا بھی ذکر کیا، جن میں احرام سے پہلے غسل، خوشبو لگانا، تلبیہ پڑھنا، آٹھ ذی الحجہ کی رات منیٰ میں قیام اور طواف کے بعد دو رکعت نماز ادا کرنا شامل ہے۔

انہوں نے حالتِ احرام میں ممنوع امور سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ محرم کے لیے جماع، ناخن تراشنا، سر کے بال مونڈنا، خوشبو استعمال کرنا، سر ڈھانپنا، سلے ہوئے کپڑے پہننا، نکاح کرنا اور شکار کرنا ممنوع ہے۔

65464546

شیخ البعيجان نے حجاج کو نصیحت کی کہ وہ حج کے دوران عبادت، ذکر و دعا اور مناسک کی ادائیگی پر توجہ دیں اور فضول گفتگو، جھگڑے اور غیر ضروری مشاغل سے اجتناب کریں۔

انہوں نے خطبے کے اختتام پر عشرۂ ذی الحجہ کی فضیلت سے بھرپور استفادہ کرنے، نیک اعمال میں سبقت لینے اور وقت کی قدر کرنے کی تلقین کی۔