ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا ہے اور دونوں دوست ممالک کے درمیان جاری تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مزید مضبوط اور ترقی دینے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے۔
اس دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور اس کے علاقائی و عالمی سطح پر سیکیورٹی اور معاشی اثرات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
اس کے علاوہ کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں پر بھی بات کی گئی، خصوصاً سمندری راستوں کی سلامتی اور اس کے معاشی اثرات کے حوالے سے۔
اس سلسلے میں چینی صدر نے آبنائے ہرمز کو جہاز رانی کے لیے کھلا رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ خطے کے ممالک اور عالمی برادری کے مفادات کا تحفظ ہو اور خطے میں دیرپا استحکام کو فروغ مل سکے۔