وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے ملاقات کی ہے۔
ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 50 سال سے زائد عرصے پر محیط تعلقات میں جاری مثبت پیش رفت پر زور دیا گیا جو اقتصادی ترقی، علاقائی و عالمی سلامتی اور عالمی امن کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فریقین نے باہمی تجارت کے حجم کو سراہا، جو 2024 میں 12 ارب سعودی ریال سے تجاوز کر گیا اور سعودی، کینیڈین بزنس کونسل کے قیام کا خیرمقدم کیا۔
ساتھ ہی غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ و تحفظ کے معاہدے پر جاری مذاکرات میں پیش رفت کو بھی سراہا گیا۔
دونوں جانب نے تعلیم، تجارت، سرمایہ کاری، خلا، مصنوعی ذہانت
معدنیات، سیاحت، تعلیم اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور جامع شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے ایران کے عدم استحکام پیدا کرنے والے رویے اور خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کی اور تہران سے فوری طور پر ان اقدامات کو روکنے، بین الاقوامی قوانین اور ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اپنے شہریوں کی واپسی میں فراہم کی گئی مدد پر شکریہ ادا کیا جبکہ خطے میں استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آخر میں دونوں فریقین نے عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے، بحری سلامتی، توانائی کے تحفظ اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔