بحرین کی قومی ایئرلائن گلف ایئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی زیادہ تر عارضی پروازیں دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپریل 2026 تک جاری رکھے گی۔
ایئرلائن کے مطابق دمام سے لندن کے لیے پروازیں 11 اپریل 2026 تک چلیں گی جبکہ ممبئی، نیروبی، قاہرہ، چنئی، بینکاک، کاسابلانکا اور منیلا کے لیے پروازوں میں 30 اپریل 2026 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے بتایا کہ بحرین کی فضائی حدود اور بعض علاقائی ممالک میں عارضی بندش کے باعث وہ فی الحال دمام کے ذریعے 10 عارضی بین الاقوامی روٹس چلا رہی ہے۔
گلف ایئر نے مسافروں کے لیے بحرین اور دمام ایئرپورٹ کے درمیان زمینی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ ٹرانزٹ مسافروں کے لیے سعودی عرب کے ویزے کے اجرا میں مدد بھی دی جائے گی تاہم جن مسافروں کی آخری منزل سعودی عرب ہے، انہیں الگ سے درست ویزا حاصل کرنا ہوگا۔