اہم خبریں
17 April, 2026
--:--:--
براہ راست نشریات

خلیجی کونسل کا ایرانی جارحیت کے باوجود سپلائی چین برقرار رکھنے کاعزم

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
(فوٹو: سبق)

خلیج تعاون کونسل کے وزرائے ٹرانسپورٹ اور مواصلات کا ایک اہم ہنگامی اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس کی صدارت بحرین کے وزیر مواصلات ڈاکٹر شیخ عبداللہ بن احمد آل خلیفہ نے کی۔

مزید پڑھیں

اجلاس کا بنیادی مقصد خطے کی موجودہ صورتحال اور سپلائی چین پر اس کے اثرات کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس کے دوران زمینی سرحدی راستوں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے گرین کوریڈورز پروٹوکول کو فعال کرنے پر غور کیا گیا۔ 

وزرا نے متبادل بندرگاہوں اور محفوظ ترین تجارتی راستوں کے استعمال 

کے ذریعے سپلائی چین کو ہر صورت برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایران، امریکہ جنگ: تازہ خبروں کے لیے کلک کریں

شرکا نے تجارتی نقل و حرکت میں ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر مشترکہ رابطہ کاری کا طریقہ کار تیار کرنے پر زور دیا۔

اس اقدام کا مقصد بدلتی ہوئی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تجارتی بہاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اپنے خطاب میں ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے کو معاشی سلامتی کا اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ شعبہ خلیجی معیشتوں کا استحکام برقرار رکھنے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

جاسم البدیوی نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ وہ شہ رگ ہے جو تمام زمینی، فضائی اور بحری راستوں سے خوراک، ادویات اور ایندھن جیسی تزویراتی اشیا کی فراہمی یقینی بناتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی منڈیوں کے استحکام کے لیے اس کا تسلسل ناگزیر ہے۔

سیکرٹری جنرل نے ایرانی فوجی کشیدگی کو خلیجی ممالک کی کامیابیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ بحران کے آغاز سے اب تک 35 سے زائد رابطہ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جو ہماری تیاریوں کا ثبوت ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر جاسم البدیوی نے فیلڈ کوآرڈینیشن کو تیز کرنے اور فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ زمینی، بحری اور فضائی نقل و حمل کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے اجتماعی ردعمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔